ووٹر لسٹ میں والدین کی تفصیلات نیا اصول نہیں، الیکشن کمیشن نے افواہوں کی تردید کر دی

بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی حلقوں کے ضمنی اِنتخابات کیلئے سپیشل سمری رویژن شروع

جموں// الیکشن کمیشن آف اِنڈیا نے دو خالی اسمبلی نشستوں کو پُر کرنے کے لئے خصوصی اِنتخابی فہرست کی نظرثانی کا عمل شروع کیا ہے۔ سپیل سمر ی رویژن کے شیڈول کے مطابق آج 77۔نگروٹہ اسمبلی حلقہ اور 27۔بڈگام اسمبلی حلقہ کے اِنتخابی رجسٹریشن اَفسران (اِی آر اوز) نے آئندہ ضمنی اِنتخابات کے لئے انتخابی فہرستوں کے مسودے کی اشاعت کو مطلع کیا ہے ۔ یہ مسودہ اِنتخابی فہرستیں عوامی معائینے کے لئے متعلقہ اِنتخابی رجسٹریشن افسران (اِی آر اوز)، معاون اِنتخابی رجسٹریشن افسران (اے اِی آر او) اور بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کے دفاتر میں دستیاب ہیں۔ اِس کے علاوہ قومی اور ریاستی سطح کی تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو بھی ان مسودہ فہرستوں کی کاپیاں فراہم کی گئی ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر (سی اِی او) جموں و کشمیر نے متعلقہ حلقوں کے تمام اہل رائے دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان فہرستوں کا جائزہ لیں اور اَپنی تفصیلات کی تصدیق یا درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اِنتخابی عمل میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں۔انتخابی فہرستوں کے عمل کے لئے شیڈول کو یکم؍ اپریل 2025 ء کو کوالیفائنگ تاریخ کے ساتھ نوٹیفائی کیا گیا ہے۔ اِنتخابی فہرستوں سے متعلق دعوے او راعتراضات داخل کرنے کی مدت 8؍ اپریل 2025ء ( منگل) سے 24؍ اپریل 2025ء ) جمعرات) تک ہوگی ۔اِس مدت کے دوران رائے دہندگان فہرستوں میں شامل کرنے ، چھوڑنے یا اصلاح کے بارے میں کوئی بھی دعویٰ یا اعتراضات دائر کرسکتے ہیں ۔قانون کے مطابق کوئی بھی شخص یا سیاسی پارٹی کا کارکن ووٹروں فہرست میں دِکھائے گئے رائے دہندگان کے ناموں پر اعتراض درج کرسکتا ہے۔رائے دہندگان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اَپنے ناموں کی تصدیق کریں اور کسی بھی غلطی یا کمی کی صورت میں اَپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسر( بی ایل او) سے رابطہ کریں تاکہ ضروری اِصلاحات یا اِندراج مکمل کیا جا سکے۔ مزید براں،ووٹروں کے لئے ووٹر ہیلپ لائن ایپ کے ذریعے فارم 6، 7، اور 8 بھرنے کی سہولیت دستیاب ہے جس سے وہ نئے اندراج، نام حذف کرنے، اعتراضات درج کرنے اور تصحیح کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے رائے دہندگان تمام رسمی کارروائیاں آن لائن مکمل کر سکتے ہیں۔مزید برآں، بوتھ لیول افسران گھر گھر جا کر اندراج کے عمل کو آسان بنائیں گے اور ووٹروں کی مدد کریں گے۔ ووٹرز اپنے بی ایل او کی تفصیلات سی اِی او جموں و کشمیر کی سرکاری ویب سائٹ یا مقامی پولنگ سٹیشن سے حاصل کر سکتے ہیں۔دعوؤں اور اعتراضات کی جانچ 2؍ مئی 2025ء تک مکمل کی جائے گی اور اِنتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 5؍ مئی 2025ء (سوموار) کو شائع کی جائے گی۔اِس کے علاوہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ’’کوئی ووٹر پیچھے نہ رہ جائے‘‘، ریلیف کمشنر نے کشمیری مائیگرنٹ ووٹروں بالخصوص بڈگام اسمبلی حلقہ کے رائے دہندگان کے لئے خصوصی کیمپوں کا شیڈول بھی جاری کیا ہے۔ بھارت کے مختلف حصوں میں مقیم ان ووٹروں کی رجسٹریشن کے لئے متعلقہ اے اِی آر او ( مائیگرنٹس) جلد ہی ان کیمپوں کے شیڈول کا اعلان کریں گے۔اِس سے قبل 27۔بڈگام اور77۔ نگروٹہ اسمبلی حلقوں میں پولنگ سٹیشنوں کی ریشنلائزیشن مکمل کی گئی ہے تاکہ ہر سٹیشن پر ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ حد 1,200 رکھی جا سکے۔ اِس عمل کے بعد بڈگام اسمبلی حلقے میں اَب 173 پولنگ سٹیشن جبکہ نگروٹہ اسمبلی حلقے میں 150 پولنگ سٹیشن ہیں۔رائے دہندگا ن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مزید مدد یا پوچھ گچھ یا اَپ ڈیٹس کے لئے رائے دہندگان اَپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنوں پر جائیں ، بوتھ لیول افسران (بی ایل او) سے رابطہ کریں ، ووٹر ہیلپ لائن ایپ کا اِستعمال کریں یا سی ای او جموں و کشمیر کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔