علاقے کے تمام نل منجمد ، لوگ کئی ہفتوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم
سرینگر//علاقہ بٹہ کوٹ پہلگام میں منفی درجہ حرارت کی وجہ سے پینے کے پانے کے نل منجمد ہوجانے کی وجہ سے علاقہ پینے کے پانی سے محروم ہوچکا ہے جبکہ گزشتہ کئی ہفتوں سے لوگ برف کو پگھلا کر پانی حاصل کرکے یہی پانی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور محکمہ پی ایچ ای کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقہ بٹ کوٹ پہلگام میں قریب گزشتہ دو ہفتوںسے شبانہ درجہ حرارت منفی 10ڈگری سے نیچے ہے جس کی وجہ سے پینے کے صاف پانی کے تمام نل جمے ہوئے ہیں اور آبادی کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہوچکا ہے ۔ وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہاکہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ برف کا پانی پگھلا کر پانی حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ ندی نالوں کا ناصاف پانی بھی لوگ استعمال کرنے پر مجبور ہے کیوں کہ انسان کو کئی طرح کی ضروریات پوری کرنی پڑتی ہے ۔ کپڑے دھونے ہے ، نہانا ہے ، وضو بنانا ہے وغیرہ کیلئے پانی مئیسر نہیں ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ محکمہ پی ایچ ای کے متعلقہ ذمہ داروں سے اس بارے میں بات کی گئی لیکن ان کی کانوںپر جوں تک نہیں رینگتی ۔ لوگوںنے اس سلسلے میں ضلع کمشنر اننت ناگ اور پی ایچ ای کے چیف انجینئر سے اپیل کی ہے کہ علاقہ کے لوگوں کو پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں اور جہاں جہاں نل منجمد ہوئے ہیں ان کو صاف کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت ملے ۔










