Many leaders, including BJP leader Ravindra Raina, were cut off

بجلی کنکشن کاٹ کر سرکارنے سابق وزیراعلیٰ کو دیا بجلی کا کرنٹ

بی جے پی لیڈر رویندر رینا سمیت کئی لیڈران کی برقی رو منقطع

سرینگر//سرکار نے جموں کشمیر میں بجلی فیس کی عدم عدائیگی کے حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ آزاد ، بی جے پی لیڈر رویندر رینہ اور دیگر چوٹی کے لیڈران کی بجلی منعقطع کردی ہے ۔ آزاد کا چار لاکھ کا بجلی بل بقایا، رویندر رینہ اور دیگر لیڈران پر بھی لاکھوں کا بجلی فیس بقایا ہے ۔سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں میں کئی لوگوں کے بجلی کے کنکشن کاٹ دیے، جن میں سابق وزیر اعلیٰ اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے سربراہ غلام نبی آزاد، بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینا اور سابق بی جے پی ایم ایل اے نیلم لنگیہ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق مذکورہ لیڈران بجلی بلوں کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد نے چار لاکھ روپے کا بل ادا نہیں کیا۔ اسی طرح لنگیہ نے ایک لاکھ روپے کا بل ادا نہیں کیا۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے الیکٹرسٹی کارپوریشن نے کنکشن منقطع کردیئے ہیں۔فی الحال رویندر رینا گاندھی نگر 14A میں، نیلم لنگیہ گاندھی نگر میں رہ رہے ہیں، جب کہ آزاد بنگلہ نمبر 1 گاندھی نگر میں رہ رہے ہیں۔ الیکٹرسٹی کارپوریشن کے مطابق اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کارروائی کی گئی ہے۔ اس سے قبل ان تمام رہنماؤں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے اور واجبات کی ادائیگی کے لیے تین دن کا وقت دیا گیا تھا لیکن اس دوران کچھ نہیں ہوا۔ہفتہ کو کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے کنکشن منقطع کر دیئے۔ حکم جاری کرتے ہوئے کارپوریشن نے کہا کہ اب دیگر بااثر لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ماضی میں بھی کئی بار الیکٹرسٹی کارپوریشن لوگوں کو بلوں کی ادائیگی کا موقع دیتی رہی ہے۔ ایمنسٹی اسکیم کے تحت آسان اقساط میں بلوں کی ادائیگی کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔آج تک لوگوں نے اس میں دلچسپی نہیں لی۔ اب کارپوریشن ایسے بجلی صارفین کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ ریاست کے تین بڑے لیڈروں کے رابطہ منقطع ہونے کے بعد شہر میں چرچے شروع ہو گئے ہیں۔ اب تک متوسط طبقے کے لوگوں کے کنکشن کاٹے جاتے تھے لیکن اس بار سیاستدانوں کے بھی کنکشن کاٹے گئے ہیں۔الیکٹرسٹی کارپوریشن کے عہدیداروں نے والمیکی کالونی میں 400 سے زائد کنکشن منقطع کردیئے ہیں۔ اس کے ساتھ 400 کے وی کے دو ٹرانسفارمرز سے بھی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ اسٹیٹ اور فلوریکلچر ڈپارٹمنٹ کا کنکشن بھی منقطع کر دیا گیا ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینا نے کہا کہ وہ راجوری پونچھ کے دورے پر ہیں اور انہیں معلوم ہوا کہ سیکورٹی گارڈ کے کمرے کی بجلی منقطع ہے۔ڈی پی اے پی کے سربراہ غلام نبی آزاد کے پی اے دل نواز نے بتایا کہ الیکٹرسٹی کارپوریشن نے غلطی سے آزاد کی سرکاری رہائش گاہ پر بجلی کاٹ دی تھی جسے بعد میں بحال کر دیا گیا۔ بجلی کا بل محکمہ اسٹیٹ کی جانب سے ادا کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کی گئی ہے۔ ایکس ای این راجیش شرما کا کہنا ہے کہ جو بجلی صارفین بل ادا نہیں کریں گے اور جن کے غیر قانونی کنکشن ہیں، ان سب کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔