چھٹی پر گھر جارہا پولیس اہلکار لقمہ اجل ، ایک اور اہلکار اور20یاتریوں سمیت 2درجن افراد زخمی
سری نگر//بجبہاڑہ،بدرا گنڈقاضی گنڈاورسترینہ کنگن میں الگ الگ سڑک حادثات کے دوران ایک پولیس اہلکار لقمہ اجل بن گیاجبکہ ایک اورپولیس اہلکار اور20یاتریوں سمیت 2درجن افراد زخمی ہوگئے ،جن میں سے3اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق آئی آرپی کی 23ویںبٹالین سے وابستہ2پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر سوار ہوکر اپنے گھر جارہے تھے کہ دوران سفر ضلع اننت ناگ کے زیرپورہ بجبہاڑہ میں اُن کے موٹر سائیکل کوایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماردی ،جسکے نتیجے میں موٹر سائیکل دورجاکر اُلٹ گیا،اوراس پرسوار دونوں پولیس اہلکار شدیدزخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایاکہ اس سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروںطارق احمد آہنگر ساکنہ ویری ناگ اور اشفاق احمد آہنگر ساکنہ نوپورہ ڈورئواننت ناگ کوقریبی اسپتال منتقل کیاگیاجہاں طارق احمد آہنگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیاجبکہ اشفاق احمد آہنگرکوجی ایم سی اسپتال اننت ناگ مزید علاج کیلئے منتقل کیاگیا۔بجبہاڑہ پولیس نے اس سڑک حادثے کے حوالے سے کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ۔اس دوران سری نگرجموں قومی شاہراہ پر بدراگنڈ قاضی گنڈ کراسنگ پر تیزرفتاری سے آرہی امرناتھ یاتریوں سے بھری ایک بس ،ایک ڈمپر کیساتھ ٹکراگئی ،جسکے نتیجے میں بس میں سوار 20یاتری زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایاکہ ضلع کولگام کے بدراگنڈ قاضی گنڈ علاقہ میں پیش آئے اس سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے یاتریوں میں سے 18کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ2شدید زخمی یاتریوں کو علاج کیلئے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔پولیس نے مزید کہا کہ اس معاملے کا نوٹس لیکر معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔دریں اثناء سری نگر لیہہ ہائی وے پر سترینہ کنگن کے مقام پر ایک سڑک حادثہ رونماہوا۔ذرائع نے بتایاکہ ایک تویرا کار سڑک پر ایک ڈھابے کے قریب کھڑی تھی کہ اچانک یاترا یوں کولے جانے والی ایک ٹیمپو ٹراولر نے آکرتویراکیساتھ پیچھے سے ٹکر اگئی ،تاہم اس حادثے میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔










