بانڈی پورہ میں آئی ٹی ماہرین نے اِی ۔دفاتر کی عمل آوری پر تربیت دی

بانڈی پورہ//اِنتظامی عمل کو جدید بنانے اور ای۔دفاترکو عملانے کے لئے آج بانڈی پورہ میں ماسٹرٹرینروں کے لئے ایک تربیتی سیشن کا اِنعقاد کیا گیا ۔اِس موقعہ پر آئی ٹی ماہرین نے ماسٹر ٹرینروں کو تربیت فراہم کی جو مختلف سرکاری محکموں میں اس نالیج کو پھیلانے میں کلیدی کردار اَدا کریں گے۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ تربیت کا اہتمام ماسٹر ٹرینروں کو روایتی کاغذی کارروائی سے الیکٹرانک دستاویزات کے انتظام میں منتقلی کی نگرانی کے لئے ضروری علم اور مہارت سے آراستہ کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔اِی۔ دفاتر کی عمل آوری میں شفافیت کو بڑھانے، کاغذی کارروائی کو کم کرنے اور فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنے کا رجحان ہے۔تربیتی سیشن میں اِی۔آفس کی عمل آوری کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا جس میں ڈیجیٹل دستاویز کا انتظام، ڈیٹا سیکورٹی اور آئی ٹی وسائل کے مؤثر اِستعمال کے لئے بہترین طریقہ کار شامل ہیں۔ماہرین نے کہا کہ یہ ایک جامع پروگرام ہے جو ماسٹر ٹرینروں کو حکومت اور جدید ٹیکنالوجی کے درمیان پُل کا کام کرنے کے لئے تیار کرے گا۔