Bandipora admin organises extensive seminar on violence against women

بانڈی پورہ اِنتظامیہ کا ’خواتین کے خلاف تشدد‘ کے موضوع پر ایک سمینار کا اِنعقاد

بانڈی پورہ//ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر بانڈی پورہ نے آج ’’ خواتین کے خلاف تشدد‘ کے موضوع پر ’ خود کشی کوئی حل نہیں، اَپنی خاموشی توڑو، خواتین کے خلاف تشدد کو اَب ختم کرو‘ اور ’ اَپنی آواز اُٹھائو‘ کے عنوان سے سمینار کا اِنعقاد کیا۔ اِس تقریب کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کی اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بانڈی پورہ علی افسر خان، نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن ایم اشرف حکاک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم راجا، ایم ایس ڈی ایچ بانڈی پورہ ڈاکٹر نبیل ، ڈپٹی زیڈ اِی او بانڈی پورہ ، سی ڈی پی اوز ، آئی ڈی پی ایس سپر وائزر اور کارکنان ، وَن سٹاپ سینٹروں کا عملہ ، قانونی اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔اِ س موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ آئی سی ڈی ایس اور ضلعی اِنتظامیہ کا مقصد خواتین اور خواتین عملے کو مختلف ایکٹس اور سکیموں سے فراہم کی جانے والی قانونی اِمداد کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین کو اَپنے خلاف تشدد برداشت نہیں کرنا چاہئے اور گھریلو تشدد اور ہراساں کرنے کے لئے قانونی یا کسی بھی کارروائی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے ۔ اُنہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ تشدد کی اِطلاع دیں تاکہ مجرموں کو اِنصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ جرم کی اطلاع نہ دینے سے خواتین نہ صرف نااِنصافی کی اِجازت دیتی ہے بلکہ مجرموں کے ہاتھ مضبوط کرنے میں بھی مدد کرتی ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِنصاف کے لئے متاثرہ کی مدد کرنے میں وَن سٹاپ سینٹر اور مہیلا شکتی کیندر کے کردار کا ذِکر کیا ۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ان سینٹروں کے بارے میں بیداری پیدا کریں تاکہ متاثرین کو جب ان کی ضرورت ہو سینٹر کو رِپورٹ کریں۔اُنہوں نے کام کی جگہ پر تشدد کے حوالے سے کہا کہ شکایت کی رپورٹنگ اور ازالے کا ایک مضبوط طریقہ کار موجود ہے اور کسی بھی شخص کے خلاف شکایات کی مناسب پیروی کی جاتی ہے۔ڈاکٹر اویس احمد نے سائبر سپیس کو خواتین کو ہراساں کرنے کے لئے اِستعمال کیا جانے والا ایک نیا پلیٹ فارم کا ذکر کیا او راُنہوں نے کہا کہ آن لائن ہراسانی کو بھی جسمانی تشدد کے برابر لیا جارہا ہے اورقصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اِس موقعہ پر وومن ہیلپ لائن پروجیکٹ کو آرڈی نیٹر جے کے یوٹی بلال احمد نے شوہر سے بیوی کے قانونی اور اِسلامی حقوق پر روشنی ڈالی ۔ڈی ایس ایل اے کی طرف سے ایڈوکیٹ اِرشاد نے آئین سے فراہم کردہ قانونی طریقہ کار اور گھر یلو تشدد کے خلاف گھریلو تشدد ایکٹ 2005 جیسے دیگر ایکٹ کے بار ے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈی ایس ایل اے غریب خواتین کو مفت قانونی اِمداد فراہم کر تاہے۔اِس موقعہ پر دیگر مقررین نے متعلقہ موضوعات پر اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔اِس سے قبل سپروائزر عارفہ توصیف نے آن لائن پوشن ٹریکر پورٹل کے اِستعمال کے لئے سمینار اور ٹریننگ سیشن کے بارے میں آنگن واڑی ورکروں اور سپروائزروں کوایک تعارف پیش کیا۔