بارہمولہ کے تاجروں ودکانداروں کی تنظیم ٹریڈرس فیڈرشن کی میٹنگ

تاجر برادری کو درپیش مسائل پر غوروخوض ،فیڈریشن مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی:طارق مغلو

بارہمولہ//قصبہ بارہمولہ اوراسکے نواحی علاقوں کے تاجروں ودکانداروںکی تنظیم ٹریڈرس فیڈریشن بارہمولہ کا ایک اہم اجلاس فیڈریشن کے دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر طارق احمد مغلو نے کی۔ جے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق اجلاس میں تمام عہدیداران، ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ ٹاؤن کی تمام مارکیٹ کمیٹیوں کے منتخب اور نامزد ممبران نے شرکت کی۔بدھ کومنعقدہ یہ غیر معمولی میٹنگ کئی گھنٹے تک جاری رہی۔تاجر برادری سے متعلق اہم مسائل زیر بحث لائے گئے اور اراکین نے تاجروں سے متعلق مختلف مسائل خصوصاً بینکوں اور آن لائن تجارتی سرگرمیوں سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالی جس کے بارہمولہ شہر کی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ میٹنگ کے دوران تاجربرادری کی فلاح و بہبود کے بارے میں مختلف فیصلیکئے گئے اور بات چیت ومشاورت کے بعد ان فیصلوں کو نافذ کیا جائے گا جس سے بارہمولہ کی تاجر برادری کو مدد ملے گی۔ اس موقع پرٹریڈرز فیڈریشن بارہمولہ کے صدر طارق مغلو نے جملہ تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ فیڈریشن بارہمولہ ٹاؤن کے تاجروں کے مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔