گزشتہ 3 ماہ میں 113 منشیات فروش گرفتار، 7 پی ایس اے کے تحت جیل روانہ، کروڑوں مالیت کا ممنوعہ سامان برآمد
سرینگر///بارہمولہ میں پولیس کی جانب سے گزشتہ تین ماہ میں 113منشیات فروشو ں کو گرفتار کرکے جھیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ سات منشیات سمگلروں پر پی ایس اے کا بھی اطلاق کیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ضلع میں منشیات مخالف مہم بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ’منشیات کے خلاف جنگ‘ مہم کو جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے بارہمولہ میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین (03) مہینوں میں بارہمولہ میں 113 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے، 7 کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا گیا ہے، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 75 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور کروڑوں مالیت کا ممنوعہ سامان بارہمولہ میں برآمد کیا گیا ہے۔بٹ پورہ کنزر میں قائم ایک چوکی پر ایس ڈی پی او ٹنگمرگ جاوید احمدجے کے پی ایس کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کنزر کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی نے ایک مشکوک شخص کو روکا جس نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اسے حکمت کے ساتھ پکڑ لیا گیا۔ دوران چیکنگ اس کے قبضے سے 48 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اس کی شناخت فردوس احمد میر ولد غلام محمد میر ساکنہ گونی پورہ کنزر کے طور پر کی گئی ہے۔ اسے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہے۔اسی مناسبت سے تھانہ کنزر میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے پچھلے تین مہینوں کے دوران بارہمولہ میں پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 75 مقدمات درج کرکے 113 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے، پی ایس اے کے تحت 7 منشیات فروشوں کو حراست میں لیا ہے اور براؤن شوگر، چرس اور پوست سمیت ممنوعہ اشیاء برآمد کی ہیں۔ کروڑوں مالیت کے بھوسے،کینابیس پاؤڈر کے علاوہ 11 گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے بتایا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف ہماری مسلسل کارروائیوں سے کمیونٹی کے ارکان کو یقین دلانا چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔










