گلمرگ اور پہلگام میں پارہ صفر سے نیچے چلا گیا، 25مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکا ن
سرینگر // بارشوں کے بعد موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے چلتے گلمرگ اور پہلگام میں پارہ صفر سے نیچے چلا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے عام طور پر 26 مارچ تک ہلکے بادلوں کے ساتھ موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں ہوئی گزشتہ دنوں بارشوں کے بعد موسم بہتر ہوا اور دھوپ نکل آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں کمی درج ہوئی ہے اور گلمرگ سرد ترین علاقہ درج ہوا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 7.0 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 5.8 ڈگری سیلشس اور کوکرناگ میں کم از کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کی طرح تھا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 3.7 ڈگری کے مقابلے میں منفی 1.1 ڈگری جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ، بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پیشن گوئی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ عام طور پر 26 مارچ تک ہلکے بادلوں کے ساتھ موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 28 سے 31 مارچ تک جزوی طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے اور کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔










