بارشوں کے بعدگوپال پورہ علمدار روڑ تالاب بن گیا

گاڑیوںکی آواجاہی میں خلل ،اسکولی طلبہ اورعام لوگوںکومشکلات ،ڈرنیج سسٹم نہیں

سری نگر//سری نگر شہرکوبڈگام اورپلوامہ اضلاع کے کئی علاقوں سے جوڑنے والا اہم سڑک رابطے پر موسلادار بارشیں ہونے کے بعدگاڑیوںکی آمدورفت مشکل تربن گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق مسلسل بارشوں کے بعدگوپال پورہ علمدار روڑ کازیادہ ترحصہ تالاب بن گیا،اوریہاں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے گاڑیوںکی آمدورفت میں خلل پڑا۔معلوم ہواکہ یہ سڑک سری نگرکومعروف علاقہ چرار شریف کے علاوہ چاڈورہ اورضلع پلوامہ سے جوڑتی ہے ،اوریہاں سے روزانہ سینکڑوں مسافر ومال بردار اورنجی گاڑیاں چلتی ہیں ۔سنیچر کی صبح بارشوںکاسلسلہ تیز ہونے کے محض ایک دوگھنٹے کے بعدگوپال پورہ علمدار روڑایسے زیرآب آگیاکہ یہ تالاب دکھنے لگا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ اس اہم سڑک کے دونوںکناروں پر پانی کی نکاسی کیلئے کوئی ڈرنیج سسٹم نہ ہونے سے اکثر معمولی بارشوں کے بعدیہاں پانی جمع ہوجاتا ہے ،اورپیدل چلنا تودورکی بات ،گاڑیوں میں سوار ہوکریہاں سے گزرنا بھی مشکل بن جاتاہے ۔سنیچر کے روز گوپال پورہ عملدار روڑ کے زیرآب آنے سے سری نگرسے چاڈورہ ،چرار شریف ،پلوامہ جانے والے اوران علاقوں سے سر ی نگرآنے والے لوگوں کوسخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا جبکہ اسکولی طلباء وطالبات کوسڑک کے زیرآب ہونے سے آنے جانے میں مشکل درپیش آئی ۔لوگوںنے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاکہ گوپال پورہ علمدار روڑ کے دونوں اطراف معقول ڈرنیج سسٹم بنایا جائے تاکہ یہاں سے گزرنے والے لوگوںکوروزانہ کی مشکلات سے نجات مل سکے ۔