بادام واری سری نگرمیں جمعہ کوعلی الصبح نامعلوم جانور کاحملہ

ایک مقامی شخص کے ہاتھ اور گھٹنے پر چوٹیں ،علاقہ میں گشت تیز ،جانور کو پکڑنے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف متحرک

سری نگر//جمعرات کی شام بجبہاڑہ کے ایک مضافاتی گائوںمیں تیندوے کے حملے میں2سالہ بچے کی المناک موت واقعہ ہونے کے بعد جمعہ کی صبح سری نگر کے بادام واری علاقے میں ایک شخص کوممکنہ طورپرایک تیندوے نے حملہ کرکے زخمی کردیا ۔اس حملے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے گشت تیز کردیاہے اور تیندوے یاکسی دوسرے خونخوار جانور کوپکڑنے کی کارروائی بھی تیز کردی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ دنوں سری نگرکے بادام واری علاقے میں تیندوے کی موجودگی سے متعلق اطلاعات منظرعام پرآنے کے بعد، جمعہ کی صبح ایک نامعلوم جانور کے حملے کے بعد ایک شخص زخمی ہو گیا، حالانکہ محکمہ وائلڈ لائف نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کیذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ہمیں بادام واری علاقے میں ایک شخص پر جانور کے حملے کی اطلاع ملی اور جانور کی شناخت کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے پر زخمی شخص اس جانور کیپہچان یا شناخت کرنے کے قابل نہیں تھا جس نے اس پر حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے متاثرہ شخص سے بات کی جس نے دعویٰ کیا کہ کسی نامعلوم جانور نے اس پر حملہ کیا، اس کے ہاتھ اور گھٹنے پر چوٹیں ہیں لیکن اسے یقین نہیں ہے کہ کس جانور نے اس پر حملہ کیا ہے۔ذرائع نے کہا کہ وہ دعوئوں اور زخموں کی نوعیت کا پتہ لگا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے بعد نگرانی کی ٹیم گشت پر تھی، ایک اہلکار پر بھی ایک جانور نے حملہ کیا، جس کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ جانور پاگل کتا ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کی مکمل تصدیق کیلئے سری نگر میونسپل کارپوریشن کو بھی بلایا ہے۔ذرائع نے کہا کہ محکمہ وائلڈلائف نے علاقے میں نگرانی کے اقدامات کو پہلے ہی بڑھا دیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پیر کو بادم واری علاقے سے تیندوے کے دیکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد سری نگر پولیس نے مقامی لوگوں سے کہا کہ وہ گھر کے اندر ہی رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔محکمہ وائلڈ لائف نے علاقے میں کیمرہ ٹریپ بھی لگائے ہیں۔