ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پودے لگانے کے موسم سے قبل باغبانی شعبے میں مواد کی دستیابی کا جائزہ لیا

جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں موجودہ برس کے لئے پودے لگانے کے مواد کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اَتل ڈولو نے دونوں صوبوں کے ڈائریکٹران باغبانی کے ساتھ جموںوکشمیر یوٹی کے علاقوں میں پودے لگانے کے مواد کی دستیابی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اُنہوں نے موجودہ اور اگلے برس کے لئے مختلف پھلوں جیسے سیب ، چیری ، خوبانی ، بادام ، آڑو اور مزید کے لئے درکار بڈنگ ، گرافٹنگ اور روٹ سٹاک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سرکاری اور نجی شعبے کی نرسریوں میں پودے لگانے کے مواد کی دستیابی کا جائزہ لیا اوراِس کے علاوہ پرائیویٹ نرسری مالکان کی ادائیگی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اُنہوں نے کسانوں کی زیرِ اِلتوأ درخواستوں اور متعلقہ سبسڈیز کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے پرائیویٹ نرسری مالکان کی ادائیگی کے مسائل بھی حل کئے اور محکمہ کو کسانوں کی زیر اِلتوا ٔ درخواستیں نمٹانے کی ہدایت دی۔اَتل ڈولو نے ہدایت دی کہ جموںوکشمیر یوٹی کے باہر سے تمام ضروری پودے لگانے کے مواد کی تیزی سے درآمد کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے سیزن قریب ہے ۔ اِس لئے ضروری مواد کی بروقت دستیابی کے لئے ضروری کوششیں کی جائیں ۔اُنہوں نے اَفسران سے ان کی ترقی اور کارکردگی کے حوالے سے سے ہفتہ وار رپورٹ طلب کیں۔میٹنگ میں سیکرٹری زراعت شبنم کاملی، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں، رام سیواک اور ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔