dooran

ایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کیس میں تحقیقات جاری

ایس آئی اے نے سابق بار صدر میاں قیوم کو گرفتار کر لیا

سرینگر // ایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کیس میں تحقیقات جاری رکھتے ہوئے سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی ( ایس آئی اے ) نے جموں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبد القیوم کی گرفتاری عمل میںلائی ۔ سی این آئی کے مطابق سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی ( ایس آئی اے ) نے جموں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبد القیوم کو سال 2020میں ایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کیس میں گرفتار کر لیا ہے ۔ ایس آئی اے کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ میاں قیوم اس کیس کا اصل سازشی تھا اور قادری کے قتل کے پیچھے بھی اس کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔خیال رہے کہ میاں عبد القیوم جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جاوید اقبال وانی کے سسر ہیں۔پولیس نے قادری کے قتل کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ بعد میں کیس اسٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے ) کے حوالے کر دیا گیا۔تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر ان سے ڈیجیٹل آلات، بینک کھاتے اور دیگر دستاویزات ضبط کیے گئے تھے۔