ایس کے آئی سی سی میں صوفی فیسٹیول کا آغاز

ایس کے آئی سی سی میں صوفی فیسٹیول کا آغاز

محکمہ سیاحت کشمیر کے شاندار ورثے میں سنتوں کے کردار کو فروغ دینے کیلئے پُر عزم

سرینگر//کشمیر میں صوفیوں اور رشیوں کی تعلیمات کو اجاگر کرنے اور اس کی تبلیغ کیلئے محکمہ سیاحت نے ایس کے آئی سی سی میں تین روزہ صوفی فیسٹیول کا افتتاح کیا ۔ محکمہ ثقافت ، وقف بورڈ ، کے وی آئی بی ، آرکائیوز اینڈ آرکیالوجی ، ہائیر ایجوکیشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس میلے کا افتتاح لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے کیا ۔ اس موقع پر چئیر پرسن وقف بورڈ جموں و کشمیر ڈاکٹر درخشاں اندرابی ، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، وائس چئیر پرسن کے وی آئی سی ڈاکٹر حنا بھٹ ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، پروفیسر جی این کھاکھی ، ڈاکٹر ستیش ومل ، ڈاکٹر بابر افضل بھی موجود تھے ۔ تین روزہ فیسٹیول کے دوران چشمہ شاہی ، پہلگام اور ایس کے آئی سی سی میں صوفیاء اور رشیوں کی تعلیمات کو اجاگر کرنے والے پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ افتتاحی تقریب میں مقررین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جموں و کشمیر کو ثقافتی خزانے سے نوازا گیا ہے اور کہا کہ اپنے ورثے کی قدر کرنے کی اہمیت کو سمجھنے اور اسے روز مرہ کی زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سنتوں کی وراثت کو باقی دُنیا کے ساتھ بانٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ تصوف باطن کے ادراک کا ایک طریقہ ہے اور ہمارے صوفیائے کرام نے ہمیں اس مقصد کی طرف راستہ دکھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تصوف کسی بھی تعصب سے بالاتر ہو کر محبت ، ہمدردی ، امن بنی نوع انسان کی ترقی کے نظریے کا پرچار کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تصوف کے لوازمات کو سمجھنا چاہئیے کیونکہ اس سے ہمیں اندازہ ہوتا ہے کہ انسانیت کیلئے کیا فائدہ مند ہے ۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بھی صوفیائے کرام اور رشیوں کی تعلیمات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آنے والے وقت میں اس طرح کی مزید تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ سیکرٹری سیاحت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے عظیم ورثے پر سنتوں اور رشیوں کے اثر و رسوخ پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت کی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کو ایک مکمل تجربہ فراہم کیا جائے کیونکہ سیاحت میں نہ صرف لوگ اور مقامات شامل ہوتے ہیں بلکہ اس میں ہماری ثقافت ، اخلاقیات ، ورثہ ، کھانے بھی شامل ہوتے ہیں ۔ بعد ازاں شام کو محکمہ سیاحت کی جانب سے چشمہ شاہی میں تصوف کے حوالے سے موسیقی کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا جس میں فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سیاحت ڈاکٹر احسن الحق چشتی نے اس موقع پر اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں صوفی تحریک کی کوئی مثال نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تصوف کشمیر میں ایک ذیلی مذہبی رحجان کے بجائے ایک طرزِ زندگی کے طور پر جڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے تمام محکموں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محکمہ مستقبل میں اس طرح کی مزید تقریبات کا انعقاد کرے گا ۔