اس اقدام سے کسانوں کو معیاری بیج خریدنے میںمدد ملے گی ۔ اتل ڈولو
سری نگر//کسانوں کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں /کشمیر کی دو ریاستی سیڈ سرٹیفکیشن ایجنسیاں سینٹرلائیزڈ آن لائن سیڈ ٹریس ایبلٹی پورٹل ایس اے ٹی ایچ آئی ( سیڈ آتھن ٹیکیشن ، ٹریسی ایبلٹی اینڈ ہولیسٹک انوینٹری) کے ذریعے ڈیجیٹل ہو جائیں گی ۔اِن باتوں کا اِظہار ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اتل ڈولو نے جموں و کشمیر کیلئے ایس اے ٹی ایچ آئی پورٹل کے رسمی آغاز کرنے کے دوران کیا ۔ اِس موقعہ پر اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اتل ڈولو نے کہا کہ بیجوں کی مؤثر نگرانی اور سراغ لگانے کے انتظامات کے ساتھ سیڈ سرٹیفکیشن کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کیلئے مرکزی وزارت زراعت اور بہبود کسانان نے مختلف پیرا میٹروں جیسے کاشتکار کی تفصیلات ، نمونے کی تفصیلات ، سرٹیفکیشن ایجنسی ، مطلع شدہ بیج کی اقسام کے علاوہ ایک سنٹرلائیزڈ آن لائن سسٹم ’ ساتھی ‘کا تصور کیا اور اسے تیار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کاشتکاروں کو معیاری بیج خریدنے میں مدد ملے گی اور اس کے علاوہ جعلی بیج کے خطرے کو روکنے میں بھی مدد ملے گی ۔ اتل ڈولو نے مزید کہا کہ بیج کی صنعت میں ڈیجٹیلائزیشن اور ٹریس ایبلٹی کے ساتھ بیج کے معیار کی موثر طریقے سے نگرانی کی جائے گی اور کسانوں کیلئے بہتر آمدنی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈیجٹیل اقدام بیج کے معیار اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنا کر ترقی یافتہ ممالک کو بیج کی برآمدات کو بھی تقویت دے گی ۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ایس اے ٹی ایچ آئی بیج کے پورے لائف سائیکل کے آٹومیشن کیلئے ایک قومی پورٹل ہے جس میں بیج کی پیداوار ، سیڈ سرٹیفکیشن ، سیڈ ٹریس ایبلٹی اور سیڈ سپلائی چین شامل ہیں ۔ ایس اے ٹی ایچ آئی کے تحت سیڈ سرٹیفکیشن سسٹم کا عمل کاشتکار برادری کو اعلیٰ معیار کے بیجوں اور فصلوں کی مطلع شدہ اقسام اور اعلیٰ اقسام کے پودے لگانے کے مواد کی مسلسل فراہمی کو برقرار رکھنے اور دستیاب کرانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ یہ ایک کوالٹی اشورینس سسٹم ہے جس کے تحت مارکیٹ کیلئے مطلوبہ بیج کو بااِختیار نامزد اَفسران سے کوالٹی کنٹرول اور معائینہ سے مشروط کیا جاتا ہے ۔










