ایران پر اسرائیلی حملے میں تمام اہداف حاصل کر لیے گئے، نیتن یاہو

ایران پر اسرائیلی حملے میں تمام اہداف حاصل کر لیے گئے، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ طاقتور تھا جس میں تمام اہداف حاصل کر لیے گئے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیتن یاہو نے اکتوبر کو حماس کے حملے کی عبرانی کیلنڈر کے مطابق سالگرہ کے موقع پر ایک تقریر میں کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ایرانی حملے کا جواب دیں گے اور ہفتے کے روز ہم نے حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران میں حملہ بالکل درست اور طاقتور تھا جس نے اپنے تمام مقاصد حاصل کیے۔نیتن یاہو نے کہا کہ ایران نے سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا اور یہ حملہ ناکام ہوگیا تھا لیکن ہم نے اپنا وعدہ نبھایا، فضائیہ نے ایران پر حملہ کیا اور ایران کی دفاعی صلاحیتوں اور میزائلوں کی تیاری کو نشانہ بنایا۔ایران نے تصدیق کی کہ اسرائیل نے دارالحکومت کے ارد گرد اور دیگر صوبوں میں عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔دوسری جانب اسرائیل کے حملے کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے حملے کو بڑھا چڑھا کر یا کم کر کے پیش نہ کیا جائے اور ایرانی حکام فیصلہ کریں گے اسرائیلی حملے کا جواب کیسے دیا جائے۔آیت اللہ خامنہ ای نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ صہیونی حکومت کی جانب سے دو رات کیے گئے حملے کے حوالے سے مبالغہ آرائی سے کام لینا چاہیے اور نہ ہی اسے کم بتانا چاہیے۔انہوں نے مزید تفصیلات میں جائے بغیر حملے کو غلط حساب کتاب کا نتیجہ قرار دیا۔ایران کی سرکاری نیوزی ایجنسی ارنا نے کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی حکام کو اس بات کا تعین کرنا چاہیے کہ اسرائیل کے خلاف ایران کی طاقت کا بہترین مظاہرہ کس طرح کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے سامنے ایران کی طاقت کا مظاہرہ کس طرح کیا جانا چاہیے، اس کے طریقہ کار کا تعین حکام کو کرنا چاہیے اور یہ جواب وہی ہونا چاہیے جو عوام اور ملک کے بہترین مفاد میں ہو۔ایران کی جانب سے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے حملے کے جواب میں ہفتہ کو اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تھا جس میں کم از کم چار ایرانی فوجی مارے گئے تھے۔ایران نے کہا تھا کہ حملے میں چند ریڈار سسٹم کو محدود نقصان پہنچا اور حملے کا جواب دینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے تہران کو جوابی کارروائی سے خبردار کیا ہے۔ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے شہید فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فوجی بلا خوف و خطر اپنی سرزمین کے دفاع میں مصروف تھے۔ادھر امریکا نے ایران سے کہا ہے کہ وہ اس کی فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کا جواب نہ دے۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اسرائیلی حملوں کا جواب دینے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے اور حملوں کے اس تبادلے کا خاتمہ ہونا چاہیے۔