لیفٹیننٹ گورنر نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کو خراجِ عقیدت پیش کیا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ’یومِ آئین‘ کی تقریب میں شرکت کی اور جموں و کشمیر کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ترقی یافتہ، شمولیات سماج اور ترقی پسند ہندوستان اور خود انحصار یونین ٹیریٹری کی طرف بڑھتے ہوئے اَپنے اِجتماعی سفر میں آئین سے تحریک حاصل کریں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ یومِ آئین‘ ہمیں ان نظریات سے دوبارہ جڑنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے جوہمارے جمہوری نظام کی بنیاد ہیں اور یہ آئین میں درج اصولوں کے تئیں اَپنے عزم کی تجدید کا بھی ایک ذریعہ ہے۔اُنہوں نے26 ؍نومبر 1949 کوآئین کی منظوری کو یاد کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس اَقدام نے آزاد ہندوستان کو ایک آئینی سمت عطا کی اور اِنصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے پر مبنی جمہوری مستقبل کی بنیاد رکھی۔منو ج سِنہا نے کہا کہ آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ یہ ہندوستان کی اِجتماعی اُمنگوں اور جمہوری عزم کا ایک زندہ اظہار ہے۔اُنہوں نے گزشتہ 77 برسوں میں ملک کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان آج خلائی تحقیق ، سیمی کنڈکٹرز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائنس اور اِختراع کے میدانوں میںنئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور یہ سب اس مضبوط آئینی بنیاد کی بدولت ممکن ہوا ہے جسے ملک کے معماروں نے استوار کیاہے۔اُنہوں نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور دستور ساز اسمبلی کے دیگر اراکین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جمہوری اِداروں کو برقرار رکھنے میں’ سماجی جمہوریت‘ اور ’بھائی چارے‘ کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ محض قانونی اور آئینی تحفظات کافی نہیں ہیں،جب تک کہ شہری اَپنی روزمرہ زِندگی میں ایک دوسرے کے وقار، حقوق اور اُمنگوں کو تسلیم اور ان کا احترام نہ کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس ، کوانٹم ٹیکنالوجی، بائیو ٹیکنالوجی اور خلائی ٹیکنالوجی میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کا ذِکر کرتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں آزادی، پرائیویسی اور اِنسانی وقار کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی کو ’انسان دوست‘ ہونا چاہیے اور اسے آئینی اَقدار سے ہم آہنگ رہنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا، ’’تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ہماری آئینی ذِمہ داریاں بھی بڑھ رہی ہیں۔ ڈیجیٹل دُور میں یہ ہماری ذِمہ داری ہے کہ تکنیکی ترقی کے درمیان فرد کی آزادی، پرائیویسی اور خود مختاری محفوظ رہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیںاِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ٹیکنالوجی انسانوں کی معاون بنے، نہ کہ انسانوں کو ٹیکنالوجی کا تابع بنا دے۔ ہمیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ ہر سطح پر اِنتظامی عمل میں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا جذبہ مزید گہرا ہو۔ ہمارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ خدمات اور بنیادی ڈھانچہ جموں و کشمیر کے ہر حصے تک یکساں حساسیت اور عزم کے ساتھ پہنچے اور ترقی کے اس سفر میں کوئی بھی شخص پیچھے نہ رہ جائے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لئے مساوی مواقع، خواتین کی تعلیم اور بااِختیاری، کسانوں اور مزدوروں کے وقار اور عوام کے لئے جوابدہ سرکاری اِداروں کی اہمیت پر بھی زور دِیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی وہی ہے جو مواقع کو وسیع کرے اور ہر شہری کے معیارِ زِندگی کو بہتر بنائے۔اُنہوں نے کہا، ’’ہندوستان مستقبل کا اِنتظار نہیں کر رہا بلکہ اسے تعمیر کر رہا ہے۔ آئین نے آنے والی نسلوں کو ناممکن کو ممکن بنانے کی بنیاد فراہم کی۔ اَب ہمیں حقیقی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جس کا مطلب ہے مواقع میں اِضافہ، عدم مساوات کو کم کرنا اور ہر شہری کے وقار کو یقینی بناناہے۔‘‘منوج سِنہا نے شہریوں سے قوم کی تعمیر میں فعال کردار اَدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ آئینی آداب کی پاسداری کریں، ڈیجیٹل اَخلاقیات اَپنائیں، مساوات کو فروغ دیں، ماحولیات کا تحفظ کریں، سائنسی مزاج کی حوصلہ اَفزائی کریں، مقامی حکمرانی میں حصہ لیں اور آئینی اِداروں پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنائیں۔اُنہوں نے کہا،’’ہندوستان کو ایسے دیانت دار اَفراد کی ضرورت ہے جو ملک کے مفادات کو اَپنے ذاتی مفادات پر ترجیح دیں۔ ہمارے آئین سازوں نے ہمیں ایک مضبوط جمہوری بنیاد فراہم کی ہے۔ اب یہ ہماری ذِمہ داری ہے کہ ہم اس بنیاد پر ایک ایسا ہندوستان تعمیر کریں جو آنے والی نسلوں کے لئے تحریک، اعتماد اور فخر کا باعث بنے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہریوں کے اِجتماعی عزم، لگن اور سخت محنت کی بدولت ہندوستان ایک ایسی ترقی یافتہ قوم کے طور پر اُبھرے گا جس کی جڑیں آئینی اَقدار اور جمہوری نظریات میں پیوست ہوں گی۔ اُنہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ آئین کو اَپنے طرزِ عمل کے لئے رہنما بنائیں۔ اُنہوں نے کہا، ’’آئیے ہم سب مل کر ایک ایسا ترقی یافتہ ہندوستان تعمیر کریں جو صلاحیت کے اعتبار سے خوشحال، فکر میں وسیع النظر، طرزِ عمل میں ہمدرد، مواقع میں جامع اور انصاف کے تئیں اپنے عزم میں اٹل ہو۔ ہمارے اِرادے عظیم ہوں، ہمارے خواب بڑے ہوں اور ہماری کوششیں مسلسل ہوںاور ہمارا اتحاد ہمیشہ کے لئے اٹوٹ رہے گا۔‘‘
محکمہ قانون ، اِنصاف و پارلیمانی اَمور نے آئین کی منظور ی کی یاد میں منعقدہ یو ٹی سطح کی یہ تقریب محکمہ ثقافت کے اِشتراک سے منعقد کی۔’یوم آئین‘ کی اس تقریب میں سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر،چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ شیلندر کمار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پبلک ورکس (آر اینڈ بی) انیل کمار سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال، کمشنر سیکرٹری محکمہ قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی، سیکرٹری محکمہ ثقافت رمیش کمار، سینئر اَفسران، ممتاز شہریوں اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔










