نئی دہلی//جموںوکشمیر ریذیڈنٹ کمشنر کے دفتر میں ’یومِ آئین‘ اِنتہائی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیاجس میں ہندوستانی آئین کی منظوری اور اَپنائے جانے کے عمل کو یاد کیا گیا۔ اِس موقعہ پر دفتر کے تمام اَفسران اور ملازمین نے یک زبان ہو کر آئین کا ’تمہید‘ پڑھا اور اِس میں درج اِنصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کی اقدار کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکأنے آئین کے تحفظ اور قوم او رشہریوںکے تئیں اَپنی ذِمہ داریاں ایمانداری، دیانتداری اور لگن کے ساتھ انجام دینے کا حلف بھی لیا۔تقریب میں اتحاد، حب الوطنی اور آئینی اَقدار کا جذبہ نمایاں رہا۔ اَفسران اور ملازمین نے آئینی اَصولوں کے مطابق کام کرنے اور جموں و کشمیر کے عوام کی شفافیت، جوابدہی اور ہمدردی کے ساتھ خدمت کرنے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر انیل شرما، ایڈیشنل سیکرٹری سپریا کوہلی اور ریذیڈنٹ کمشنر کے دفتر کے دیگر اَفسران و ملازمین موجود تھے۔شرکأنے اِس بات کا اِظہار کیا کہ ’یومِ آئین‘ محض یاد منانے کا دن نہیں بلکہ یہ ان جمہوری اَقدار کے لئے خود کو دوبارہ وقف کرنے کا دِن ہے جو ملک کی بنیاد ہیں۔دریں اثنا، کشمیر بیورو آف اِنفارمیشن میں بھی یہ قومی دن اسی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ بیورو کے اَفسران اور ملازمین نے اکٹھے ہو کر آئین کا ’دیباچہ‘ پڑھا اور آئین کے تحفظ اور پاسداری کا عہد کیا۔










