سری نگر//خطہ پیرپنچال کے 2اضلاع روجوری وپونچھ کوکشمیر سے جوڑنے والے 88کلومیٹڑ مسافت والے تاریخی مغل روڑ سے برف ہٹانے کاکام جاری ہے اورابتک33کلومیٹر سڑک کوقابل آمدورفت بنایاگیا جبکہ باقی سڑک پرجمع برف کوہٹانے کاکام اگلے ہفتے مکمل ہونے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق پی ڈبلیو ڈی مغل روڑ کے انجینئر ریاض احمدچودھری نے میڈیا کوبتایاکہ جنوری کے مہینے میں مغل روڑ کے بالائی مقامات پر بھاری برف باری ہوئی اورکئی مقامات پر یہ برف جم گئی ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر ،اہلکار جدید مشینوں کیساتھ برف کوہٹانے کے کام میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جٹے ہوئے ہیں۔ انجینئر ریاض چودھری کاکہناتھاکہ ہم نے برف کوہٹانے کیلئے مختلف قسم کے آلات اورمشینوںکااستعمال کیا۔انہوںنے کہاکہ 88کلومیٹر مسافت والے مغل روڑ کے33کلومیڑ کوصاف کیاگیاہے اورسڑک کے اس حصے پر دوطرفہ ٹریفک چل سکتا ہے ،تاہم مزید7کلومیٹر سڑک کی ایک ہی لین کوابھی تک قابل آمدورفت بنایاجاسکاہے ۔انجینئر ریاض چودھری نے مزیدکہاکہ محکمہ پبلک ورکس ڈیپاڑٹمنٹ مغل روڑ سے برف ہٹانے کاکام ہنگامی بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوںنے اُمید ظاہر کی کہ اگلے ایک ہفتے کے اندراندر سڑک سے برف ہٹانے کاکام مکمل ہوجائے گا۔محکمہ پی ڈبلیو ڈی مغل روڑ کے انجینئر ریاض احمدچودھری نے کہاکہ ہمیں پوری اُمید ہے کہ برف ہٹانے کاکام مکمل ہونے کے بعدایک ہفتے کے اندراندرمغل روڑ پرگاڑیوںکی آمدورفت بحال کی جائیگی ۔










