سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج کہا کہ اِنڈیا میں لوگوں کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے تحقیق ، ٹیکنالوجی ، اِختراع اور انکیوبشن اہم ذرائع ہیں۔مشیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی ( این آئی ٹی ) میں ’’ عصری کاروباری رجحانات پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس( آئی سی سی بی ٹی) ۔2022ٰ‘‘ کے اِختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے ملک بھر کے مختلف اِداروں سے تعلق رکھنے والے نامور محققین ، سکالروں اور طلباء کے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے اِشتراک ضروری ہے ۔ اِس لئے ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ حکومتی اِداروں،ریسرچ آرگنائزیشنوں اور دیگر اِداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے مزید کہا کہ ہم سب کو مسائل کو حل کرنے کا طریقہ اِختیار کرنا چاہیے اور خود کو مسائل کا سامنا کرنے سے گریز نہیں کر چاہیے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مسائل ایسے مواقع پیدا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں معاشرے کے لئے منفرد اور قابل ذکر چیز پیدا ہوتی ہے۔اُنہوں نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس عصری کاروباری رجحانات کے لئے ایک اہم معاون کے طور پر اُبھرے گی اور مارکیٹنگ اور کاروباری دُنیا کے دیگر پہلوئوں سے متعلق مسائل کو وسیع پیمانے پر حل کرے گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اُمید ہے کہ یہ کانفرنس کم سے کم پانچ آئیڈیاز پیدا کرے گی جو دُنیا بھر میں عصری کاروباری رجحانات میں اِنقلاب برپا کریں گے۔مشیر موصوف نے گذشتہ چند برسوں میں جموں وکشمیر کی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں یہاں آئی آئی ٹی ، آئی آئی ایم ، آئی آئی ایم سی اور دیگر جیسے تعلیمی ادارے قائم ہوئے ہیں۔مشیر موصوف نے کہا،’’ جموںوکشمیر یوٹی پورے ملک میں واحد یوٹی ہے جس میں دو ایمز اِدارے ہیں۔‘‘اِس موقعہ پرڈائریکٹر این آئی ٹی سری نگر پروفیسر راکیش سہگل نے کہا کہ کووڈ۔19 وَبائی مرض کی وجہ سے دُنیا بھر میں معاشی منظر نامے میں یکسر تبدیلی آئی ہے ۔ دورانِ دو روزہ کانفرنس صنعتی ماہرین سے تحقیقی مقالوں اور لائیو بات چیت کا اِمتزاج ہوا۔ اُنہوں نے کاروبار کی نئی دُنیا میں اُبھرتے ہوئے مسائل پر بھی توجہ مرکوز کی۔ایم ڈی اورسی اِی او ایگرو ایرائز ڈاکٹر راہل میر چندانی اور کو۔کنوینئر آئی سی سی بی ٹی ۔2022ء نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد عصر حاضر کے کاروباری رجحانات اور عالمی معیشت پر ان کے اثرات سے شرکأ کوجانکاری دینا ہے۔سربراہان ، ایچ ایس ایس اینڈ ایم ڈیپارٹمنٹ پروفیسر عبداللیمان نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں کہا کہ اِس کانفرنس کا مقصد موجودہ چیلنجنگ کاروباری منظر نامے میں ضروری اور مطلوبہ اِقدامات کی عکاسی ، غور و فکر اور تجویز کرنا ہے۔اَپنے خطاب میںرجسٹرار این آئی ٹی پروفیسر سیّد قیصر بخاری نے کہا کہ یہ کانفرنس نوجوان محققین اور دیگر شرکأ کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِدارہ مستقبل میں بھی ایسی مزید کانفرنسوں کی میزبانی کرے گا۔دورانِ کانفرنس پروفیسر جی اے ہرمین ،ایچ اے جی پروفیسر میکنیکل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور چیئرمین کنفیڈریشن آف اِنڈین اِنڈسٹری ( سی آئی آئی ) جے اینڈ کے چپٹر احسان جاوید بھی خصوصی خطاب کیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ عصری کاروباری رجحانات ۔2022ء پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اِنعقاد محکمہ ہیو مینٹیز ،سوشل سائنس اینڈ مینجمنٹ این آئی ٹی سری نگر نے کنفیڈریشن آف اِنڈین اِنڈسٹری ( سی آئی آئی ) اور ینگ اِنڈینز ( وائی آئی ) کے اِشتراک سے کیا تھا ۔وبائی مرض کووِڈ۔19 کی وجہ سے پوری دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کو منظم کرنے کے متعدد طریقوں کی نشاندہی کرنے کے لئے بنیادی توجہ مرکوز کی گئی تھی۔










