startup

اِنتظامی کونسل نے جموں وکشمیر کیلئے سٹارٹ اَپ پالیسی 2024-27ء کو منظوری دی

جموں//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میںمنعقد ہوئی جس میں سال 2018 ء میں نوٹیفائیڈ سٹارٹ اَپ پالیسی کے بجائے جموں و کشمیر سٹارٹ اَپ پالیسی 2024-27 ء کو منظوری دی گئی۔ اِس پالیسی کا مقصد اگلے پانچ برسوںمیں جموں و کشمیر میں 2000 نئے سٹارٹ اَپ قائم کرنا ہے۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، چیف سیکرٹری اَتل ڈولواور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت تھے۔ حکومت جموں و کشمیر 250 کروڑ روپے کا وینچر کیپٹل فنڈ قائم کرے گی اور اِس وینچر کیپٹل فنڈ میں اِبتدائی فنڈ کے طور پر زیادہ سے زیادہ 25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔اِس طرح بنایاگیا وینچر کیپٹل فنڈ بنیادی طور پر جموں و کشمیر کے تسلیم شدہ سٹارٹ اَپ میں سرمایہ کاری کرے گا۔ محکمہ فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت سے وینچر فنڈ کے قیام اور اِس کے اِستعمال کے لئے تفصیلی طریقہ کار وضع کرے گا۔محکمہ ترقی کی اَچھی صلاحیت رکھنے والے سٹارٹ اَپس کو زمین کی الاٹمنٹ کو آسان بنانے کے لئے ایک میکانزم پر بھی کام کرسکتا ہے۔ سٹارٹ اَپس کے لئے نوڈل ایجنسی جے کے ای ڈی آئی کے ذریعہ تسلیم شدہ سٹارٹ اپس کو 20 لاکھ روپے (4 مساوی قسطوں) تک سیڈ فنڈنگ کے طور پریک وقتی امداد کا بھی اِنتظام ہے۔ سیڈ فنڈنگ کے لئے ہر برس 25 سٹارٹ اَپس کی حد مقرر کی گئی ہے جو دستیاب بجٹ اور منظم تعداد میں سٹارٹ اَپس کو مؤثر طریقے سے سپورٹ کرنے کی خواہش پر مبنی فیصلہ ہے۔حکومت تین برسوں میں 2000 سٹارٹ اَپ قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے لیکن احتیاط سے منتخب سٹارٹ اَپس کی ایک چھوٹی تعداد کو سیڈ فنڈنگ فراہم کرکے حکومت طویل مدتی معاشی ترقی کے لئے معیار پر مقدار کو ترجیح دے سکتی ہے۔ اس سے یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ وسائل کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کیا جائے۔ تین برس کی مدت کے لئے سٹارٹ اَپ پالیسی پر عمل درآمد کے لئے بجٹ سپورٹ 39.60کروڑ روپے ہوگی۔حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی میں ایک متحرک اور مضبوط سٹارٹ اَپ ایکو سسٹم تشکیل دے کر جموں و کشمیر کے کاروباری صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور حوصلہ افزائی کرنے کے لئے محسوس کی ۔سال 2018 ء میں جاری کی گئی موجودہ سٹارٹ اپ پالیسی کو دوبارہ شروع کرنے اور جموںوکشمیر یوٹی میں اس شعبے میں ماڈل چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے موزوں نئی پالیسی لانے کی ضرورت ہے۔محکمہ صنعت و حرفت کی جانب سے مختلف شراکت داروں کی مشاورت سے موصول ہونے والے تاثرات ، سٹارٹ اَپس کے لئے انکیوبیشن اور ایکسلریشن ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی ضرورت محسوس کی گئی جس پر موجودہ پالیسی میں توجہ دی گئی ہے۔جموںوکشمیریوٹی میں اس سکیم کی عمل آوری کی نگرانی چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کرے گی اور اِنتظامی سیکرٹری صنعت و حرفت کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس کمیٹی اس پر عمل درآمد کرے گی۔یہ پالیسی میں طالب علموں، خواتین کو اَنٹرپرینیورشپ کی سہولیات فراہم کرنے اور سٹارٹ اَپس کے قیام کے لئے سرکاری ، نجی، اعلیٰ مالیت والے اَفراد کے ذریعے کاروباری اَفراد کو مدد فراہم کرتی ہے۔