ممبروں کی خاطر ہرممکن سہولیت دستیاب رکھنے کیلئے اَقدامات کرنے کا فیصلہ
سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سری نگراور جموں میں قانون ساز اسمبلی کمپلیکسوں کو جموںوکشمیر یوٹی میں اِنتخابات کے اِنعقاد کے بعد اس کے اجلاسوں کے منعقد کرنے کے لئے تیار کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری اسٹیٹس ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، کمشنر سیکرٹری آئی ٹی،جے اینڈ کے ریذیڈنٹ کمشنر دہلی،سیکرٹری آر اینڈ بی،سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ، ڈائریکٹر اسٹیٹس کشمیر اور دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفسروںپر زور دیا کہ وہ سری نگر اور جموں دونوں جگہوں پراِن اسمبلی کمپلیکسوں کی تجدید و مرمت اور زیبائش کے لئے مقررہ وقت میں فوری اَقدامات کریں۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ساؤنڈ سسٹم کی فعالیت، اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی، فائر سیفٹی، لفٹوں کی فعالیت، عمارتوں کو فیس لفٹ دینے اور متعلقہ سہولیات کی فراہمی جیسی سہولیات کو بھی ہاتھ میں لیا جائے اور جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔چیف سیکرٹری نے سپیکر، ڈپٹی سپیکر، قائد حزب اِختلاف کے چیمبروں کی تزئین و آرائش کے اَقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان کی سرکاری گاڑیوں اور اَقامتی رہائشی گاہوں کا اِنتظام کرنے کی بھی ہدایت دی۔اَتل ڈولو نے متعلقہ حکام سے دونوں شہروں میں ایم ایل اے ہوسٹل کی مرمت کے کاموں کو انجام دینے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کے اعلان کے مطابق اسمبلی اِنتخابات کے اِختتام تک دستیاب وقت کے اندر تمام ضروری سہولیات نصب کی جانی چاہئیں۔اُنہوں نے کہا کہ ِانتخابات سے قبل تیاریوں کے لئے اِنتظامیہ کی جانب سے پیشگی اَقدامات شروع کئے جانے چاہئیں تاکہ جموں و کشمیر میں اِنتخابات کے اِنعقاد کے بعد جمہوریت کے اس ستون کے کام کرنے میں کوئی رُکاوٹ نہ آئے ۔










