اَتل ڈولو نے سرسوں اُتسو کا اِفتتاح کیا اور خریف مہم 2023ء کا آغاز کیا

اننت ناگ//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے ٓج خریف مہم 2023 ء کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ ’’ سرسوں اُتسو‘‘کا افتتاح کیا۔محکمہ زراعت کشمیر نے اروانی بجی بہاڑہ کے سبحان پورہ میں اتسو منایا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اَپنے خطاب میں کہاکہ محکمہ تیل کے بیجوں ( سرسوں ) کی زیادہ سے زیادہ رقبہ کو زیر کاشت لانے کے لئے گزشتہ دو برسوں سے بلیو پرنٹ پرکا م کر رہا ہے اور اِس سلسلے میں رواں مالی برس 1لاکھ 40 ہزار ہیکٹر سے زائد اراضی کوتیل کے بیجوں کی کاشت کے تحت لایا گیا ہے۔اَتل ڈولو نے کہاکہ ملک کے دیگر حصوں سے خورد نی تیل کی درآمد پر اَنحصار کو کم کرنے کے لئے محکمہ نے قومی تلہن مشن کے تحت ایک پروگرام کا منصوبہ بنایا ہے جس میںمفت بیج، تکنیکی مدد، فارم مشینوںکے فروغ دینے سمیت متعدد مراعات متعارف کی جارہی ہیں اور خطے میں تیل کے بیج (سرسوں) کی کاشت کو مضبوط کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ہم تیل کے بیجوں کی ایک بمپر فصل کی توقع کر رہے ہیں جو خطے کی کاشتکار برادری کی سماجی اقتصادی تبدیلی سے جموں وکشمیر یوٹی کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تیل کے بیج (سرسوں) کی قدر میں اضافے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ اسے ایک برانڈ کے طور پر فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں منظور شدہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت خطے میں تیل کے بیجوں کی کاشت کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اتل ڈولو نے کہا کہ تیل کے بیجوں کی فصل نے وادی کشمیر میں زرعی سیاحت کے مواقع پیدا کئے ہیں جس نے خطے میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی زرعی فصلوں اور دیگر زرعی مصنوعات کے لئے مارکیٹنگ ماڈل متعارف کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کے لئے ان کی دہلیز پر بہترین ممکنہ مارکیٹنگ کے اختیارات فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی پیداوار کے لئے زیادہ سے زیادہ ممکنہ منافع حاصل کر سکیں۔اُنہوں نے خریف مہم کے آغاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام کوششیں کررہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ رقبہ خریف کی فصلوں کی کاشت کے نیچے لایا جائے اور کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ ہو۔اَتل ڈولو نے فیلڈ سٹاف سے کہا کہ وہ کسانوں تک پہنچیں اور کاشت کار برادری کی سماجی و اِقتصادی کے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کریں جیسے کہ سوئیل ہیلتھ کارڈ سکیم ، پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا ، پردھان منتر کسان سکیم پردھان منتر کرشی سینچائی یوجنا ، فارم میکانائزیشن وغیرہ ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے محکمانہ سکیموں کے کامیاب عمل آوری کو یقینی بنانے میں محکمہ اور کاشت کار برادری کے درمیان پُل کے طور پر کا م کرنے پر پی آر آئی کے کردار کوسراہا۔اِس موقعہ پر پر ڈائریکٹر زراعت خطاب کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ علاقے کی کاشت کار برادری میں محکمہ کی جانب سے ڈویژن میں جاری مختلف فلیگ شپ پروگراموں اور سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ تیل کے بیج کی فصل کی کٹائی سے پہلے اور بعد کے تمام کاموں کے دوران کسان برادری کی رہنمائی کریں ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ کامیاب خریف سیزن کے لئے مشن موڈ پر کام کریں۔ اُنہوں نے توسیعی کارکنوں سے کہا کہ وہ کسان برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں تاکہ مختلف سکیموں کے تحت مقررہ ہدف حاصل کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم ، ڈائریکٹر جنرل شیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ بشیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرل اینمل ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ پر نیما متل ، ڈائریکٹر جنرل سیری کلچر منظور احمد قادری ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جی آر میر، ڈائریکٹر فشریز فاروق احمد ڈار، منیجنگ ڈائریکٹر جیکے ایچ پی ایم سی اِمام الدین ، سیکرٹری کسان بورڈ عبدالحمید ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگری کلچر پلاننگ محمد یونس چودھری، چیف ایگری کلچر آفیسر اننت ناگ اعجاز احمد ڈار، چیف ایگری کلچر آفیسر پلوامہ محمد اقبال خان اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس سے قبل اَتل ڈولو نے گائوں گلزار پورہ پلوامہ میں خریف مہم کا باقاعدہ اِفتتاح کیا ۔اُنہوں ے لیتھ پورہ پانپور میں تیل کے بیج کے پرو کیورمنٹ سینٹر کا بھی اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال اور زراعت اور اس سے متعلقہ محکموں کے دیگر اَفسران موجود تھے۔