اَتل ڈولونے ہولیسٹک ایگری کلچر ڈیولپمنٹ پلان کے تحت کسانوں کیلئے ضلع وار اورنٹیشن پلان کاجائزہ لیا

پروگرام میں بڑے پیمانے پر بیداری کیلئے پنچایتی سطح پر ورکشاپ منعقد کرنے پر زور ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری

جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں ضلع نوڈل اَفسران کی پہلی میٹنگ منعقد کی جس میں ہولیسٹک ایگری کلچر ڈیولپمنٹ پلان (ایچ اے ڈی پی)کے تحت کسانو ں کے لئے ضلع وار اورنٹیشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ،ناظم زراعت جموں/ کشمیر ،ناظم باغبانی جموں / کشمیر ، ناظم پشو پالن محکمہ جموں/ کشمیر ، ناظم بھیڑ پالن محکمہ جموں/ کشمیر ، تمام اَضلاع کے زراعت ، باغبانی ،پشوپالن ، بھیڑپالن آفیسر اور زراعت کے ٹیکنیکل آفیسر ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پنچایت سطح پر زراعت کے مختلف شعبوں کے 29 پروجیکٹوں اور دیگر مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں کسانوں میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کریں۔ اُنہوں نے پنچایتی سطح پر ورکشاپ منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان ہولیسٹک ایگری کلچر ڈیولپمنٹ پلان کی سکیموںکے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔اَتل ڈولو نے اَفسران کو ہدایت دی کہ محکمہ کو مختلف سکیموں کے بیداری پروگراموںمیں ان چھ ٹولزپر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو ورکشاپوں کی بنیاد ہیںجس میں بذریعہ ویڈیو علم فراہم کرنا،کسانوں کے ساتھ سوال و جواب اِستفساری سیشن کا اِنعقاد، پی آر آئی شامل کرنا ، ڈیٹا اِکٹھا کرنے کے لئے بیس لائن سروے کرنا، کسانوں کو پردھان منتری فصل یوگنند سے آگاہ کرنااور کسان کریڈٹ کارڈ کے بارے میں معلومات فراہم کرنا شامل ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیوٹی اَفسران فائنل کیلنڈر کے مطابق بغیر کسی عذر کے موقعہ پر وِزٹ کریں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے کہا کہ ہرپنچایت میں کم از کم تین بیداری پروگرام منعقد کئے جانے چاہئیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہولیسٹک ایگری کلچر ڈیولپمنٹ پلان کے تحت کسانوں کے لئے ضلع وار اورنٹیشن کے آغاز سے کسانوں کو حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف سکیموں اور پروجیکٹوں کے بارے مناسب معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی جس سے یونین ٹیریٹری میں زرعی شعبے کی ترقی میں فروغ ملے گا۔