اوڈیشہ ٹرین حادثہ:300جانیں تلف،900سے زیادہ زخمی

اوڈیشہ ٹرین حادثہ:300جانیں تلف،900سے زیادہ زخمی

مہلوکین کے لواحقین کو 12 لاکھ روپے،زخمیوں کو50ہزارتااڑھائی لاکھ

سری نگر//ریاست اوڈیشہ کے بالاسور میں بہناگا اسٹیشن کے نزدیک جمعہ کی شام تقریباً7بجے ہاوڑہ ایکسپریس کورومنڈل ایکسپریس اور مال گاڑی کی ٹکر سے یہ حادثہ ہوا۔ ٹکر اتنی بھیانک تھی کہ مسافروں کو لے جارہی کورومنڈل ایکسپریس (12841) کے10 سے12 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔حکام کے مطابق یہ گزشتہ 2دہائیوںمیں ہندوستان میں ہونے والا بدترین ٹرین حادثہ ہے،کیونکہ اسے پہلے28مئی2010کوبنگال میں ہوئے ایک ٹرین حادثے میں170افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے تھے۔ جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوسہ پہر 4بجے تک اس المناک اورخطرناک ترین ٹرین حادثے میں مرنے والوںکی تعداد300کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ حکام نے290افرادکے ازجان ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ تین ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے سے ہوئے اس حادثے میں900افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو مختلف نزدیکی اسپتالوںمیں داخل کرایاگیاہے۔ تلاشی اور بچاو مہم کیلئے ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ حکام نے بتایاکہ شالیمار،چنئی کورومنڈل ایکسپریس کی 10 سے12 بوگیاں پٹری سے اترنے کی وجہ سے مخالف ٹریک پر گر گئیں۔ اس کے بعد، بنگلورو،ہاؤڑا سپر فاسٹ ایکسپریس پٹری سے اترے ہوئے ڈبوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اس کے اپنے 3 سے 4 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس سانحے میں اضافہ کرتے ہوئے ایک مال بردار ٹرین بھی حادثے کا شکار ہوئی۔ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے ہفتہ کو جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ حادثے کے متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر ریلوے کے ٹویٹ کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔اُدھر وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈسے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے50،50ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ اسی دوران وزیر اعظم مودی نے وزیرریلوے اشونی وشنو سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے اعلان کیا کہ انہوں نے ٹرین کے پٹری سے اترنے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ، ریلوے کے وزیر نے کہاکہ حادثہ افسوسناک تھا، اور ان کی وزارت کو واقعے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔