اودھم پورکے مضافاتی گائوں میں بارشوں کے بعدحادثہ

اندر سوئے2کمسن بھائی لقمہ اجل ،باقی افراد خانہ بچ گئے ،لیفٹنٹ گورنر کااظہار نج،متاثرین کومددفراہم کرنے کی ہدایت

سری نگر//صوبہ جموں کے اودھم پورضلع کے ایک مضافاتی گائوںمیں ہفتے کی صبح شدید بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے سے2 بچے ہلاک ہو گئے۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع انتظامیہ کے حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ یہ المناک حادثہ ضلع اودھم پور کے متل علاقے کے جسانا سمول گاؤں میں پیش آیا۔انہوںنے کہاکہ بارشوں کے بعد بلاولد روشن دین نامی شہر کامکان مٹی کے تودوںکی زدمیں آکر منہدم ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ اس المناک حادثے میں 2کمسن بھائی مکان کے ملبے تلے دب کرلقمہ اجل بن گئے ،جن کی شناخت3سالہ عارف اور2ماہ کے غنی پسران بلاکے بطور ہوئی ہے۔یہ ہولناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاندان کے افراد گھر کے باہری کمرے میں کھانا کھا رہے تھے اور دونوں بچے اندر سوئے ہوئے تھے۔مٹی کے تودے کی زدمیں آکر مکان منہدم ہونے کے دوران خاندان کے باقی افراد بچ نکلے لیکن دونوں کمسن بچے ملبے تلے دب گئے۔ لاشوں کو بعد میں حکام نے گرنے کی جگہ سے برآمدکیا۔پولیس اور محکمہ ریونیو کے اہلکار موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس واقعہ پر اپنے غم کا اظہار کیا اور حکام کو متاثرہ خاندان کو ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔منوج سنہا نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ متل ادھم پور میں مکان گرنے سے جانوں کے ضیاع سے بہت دکھ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان سے میری گہری تعزیت۔ متاثرہ خاندان کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی۔