انٹرنیٹ سروس پر بریکڈون جاری

جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں8روز سے سروس معطل عوام کو مشکلات

سری نگر//جنوبی کشمیر کے چند اضلاع کے کئی حصوں میں انٹرنیٹ کی بندش نے بالترتیب جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے زینہ پورہ اور لیتر علاقوں میں طلباء اور کاروباری برادری کو پریشان کر دیا ہے۔ان علاقوں میںانٹرنیٹ گزشتہ ہفتہ (9 اپریل) سے بند ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق شوپیاں میں، زینا پورہ، بابا پورہ، ریشی پورہ، چترگام، کھجاپورہ اور ریبن کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مسلسل بند پڑی ہے مقامی لوگوں نے کہا کہ مختلف مسابقتی امتحانات کے خواہشمند جنہوں نے مختلف سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواستیں دی ہیں انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔کچھ تعلیم یافتہ لوگوں نے بتایاہمارے لیے امتحانات کی تیاری مشکل ہو گئی ہے ہمیں انٹرنیٹ سگنل حاصل کرنے کے لیے دوسرے علاقوں میں جانا پڑتا ہے جبکہ دور جدید میں سب کچھ آن لائن ہوتا ہے جس کی وجہ سے اب ان علاقوں یں کار بار سے وابستہ افراد کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کشمیر میں کام کرنے والی ایک ٹیلی کام کمپنی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ انہیں ان علاقوں میں انٹرنیٹ بند کرنے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ سے باضابطہ ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ “ہمیں وجہ بالکل نہیں معلوم۔ یہ بمبئی سے ہوتا ہے، ہمیں صرف ایک حکم ملتا ہے اور ہم اس کی پابندی کرتے ہیں،‘۔دریں اثناء ایک اور اہلکار نے کہا کہ انٹرنیٹ کو احتیاطی طور پر ‘امن و امان کے اقدام’ کے طور پر بند کر دیا گیا ہے