پولیس نے چھ ملی ٹنٹوں کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ ایک دکان سیل کردی
سرینگر // جموں و کشمیر پولیس نے اننت ناگ میں ادھم پورہ کے مزدور کی ہلاکت کے معاملے میں ’’کشمیر فریڈم فائٹر‘‘تنظیم سے وابستہ چھ عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کے علاوہ دکان کو بھی سیل کر دیا ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اننت ناگ کے جنگلات منڈی علاقے میں ادھم پور جموں کے مزدور کی ہلاکت کے کیس کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت چھ ملی ٹنٹوں کو گرفتار کرکے دکان بھی سیل کر دی ہے ۔پولیس بیان کے مطابق “29 مئی 2023 کی شام کو، ملی ٹنٹوں نے تفریحی پارک جنگلات منڈی کے قریب ایک مزدور پر گولی چلائی جس کا نام دیپک کمار عرف دیپو ولد ماشو ساکن تھیال پنچایت دیوٹ بلاس پور ادھم پور تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہوا جس کی بعد میں جی ایم سی اننت ناگ میں موت ہوگئی۔ بیان کے مطابق دیپک کمار کے قتل کے بعد ملی ٹنٹ موقع سے فرار ہو گئے۔ جس کے بعد ایف آئی آر نمبر 171/2023 U/S 7/27 I.A ایکٹ 302 IPC 16,18,20,39 UAPA درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے عمل کے دوران چھ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا جو کشمیر فریڈم فائٹر سے وابستہ تھے، جو کہ کالعدم ملی ٹنٹ تنظیم جیش محمد کی شاخ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ’’دی گیم موڈیفیکیشن ‘‘نام کی ایک دکان جو زر پارہ بجبہاڑہ میں واقع ہے، جسے ملزم عمر امین ٹھوکر ولد محمد امین ساکن واگہامہ چلاتا ہے اور جس کو اس واقعے کے لیے استعمال کیا گیا تھا اس کو ضلع پولیس اننت ناگ نے سیل کر دیا ۔










