مسمار شدہ شوروم مالک سمیت5افراد گرفتار ،تحقیقات جاری:پولیس
سری نگر//جموں کے نروال علاقہ میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران ہوئی پتھر بازی کے الزام میں پولیس نے5افراد کوگرفتار کیاجبکہ دیگر4کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق جموں پولیس نے پیر کو بتایا کہ یہاں گزشتہ ہفتے انسداد تجاوزات مہم کے دوران ملک مارکیٹ نروال میں ہوئے پتھراؤ کے سلسلے میں 5 لوگوں کو گرفتار کیا گیا اوردیگر4 کو حراست میں لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ نروال بائی پاس کے علاقے میں ملک مارکیٹ میں تجاوزات زدہ اراضی پر بنائے گئے گاڑیوں کے شوروم کو منہدم کرنے کی کارروائی کے دوران ہفتے(سنیچر) کے روز ہونے والے پتھراؤ میں3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق، شوروم کا مالک سجاد احمد بیگ گرفتار ہونے والوں میں شامل ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایاکہ ہم نے یہاں انسداد تجاوزات مہم کے دوران پتھراؤ کے سلسلے میں5 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور4 دیگر کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا ہے۔انہوںنے کہاکہ گرفتار اورحراست میں لئے گئے افراد سے تریکوٹہ نگر پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔










