انتظامی کونسل نے مختلف ترقیاتی کاموں کی انتظامی منظوری دی

انتظامی کونسل نے مختلف ترقیاتی کاموں کی انتظامی منظوری دی

جموں//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں انتظامی کونسل کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں مختلف ترقیاتی کاموں کو انتظامی منظوری دی گئی ۔ میٹنگ میں لفٹینٹ گورنر کے مشیران فاروق خان اور راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لفٹینٹ گورنرکے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی ۔ انتظامی کونسل نے گجر نگر اور ڈوگرہ ہال جموں میں موجودہ سلاٹر ہاوس کو 21.88 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے جدید بنانے کی منظوری دی ۔ یہ پروجیکٹ انسانی استعمال کیلئے صحت بخش گوشت کی دستیابی کو یقینی بنائے گا اس کے علاوہ فضلے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے ، علاقے میں آلودگی کی جانچ اور پلیوشن کنٹرول بورڈ ( پی سی بی ) اور این جی ٹی جیسے ریگولیٹری اداروں کے خدشات کو دور کرنے کے علاوہ جدید کاری کا کام 12 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ مزید براں انتظامی کونسل نے موجودہ بس سٹینڈ ڈوڈہ میں 32.46 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کثیر منزلہ پارکنگ کی تعمیر کو بھی منظوری دی ۔ یہ پروجیکٹ 9526.05 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے گا اور اس میں ایک وقت میں 136 کاریں اور 20 بسیں پارک کرنے کی گنجائش ہو گی ۔ مزید براں وہاں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے 36 دکانیں بھی تعمیر کی جائیں گی اور یہ پروجیکٹ 2 سال میں مکمل کیا جائے گا ۔ اسی طرح رام بن میں 22.44 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کثیر منزلہ بس سٹینڈ کی تعمیر کو بھی انتظامی منظوری دی گئی ۔ یہ پروجیکٹ رام بن شہر میں بھیڑ کو کم کرنے ، ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور علاقے کو ایک متحرک اقتصادی مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے اضافی پارکنگ کی جگہیں بنائے گا ۔ یہ پروجیکٹ 5033 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا جائے گا جس میں گراؤنڈ فلور پر 20 بسیں اور پہلی منزل پر 50 ہلکی موٹر گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہو گی اسے دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔