سرینگر//انتظامی کونسل کی میٹنگ لفٹینٹ گورنر کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر میں انجینئرنگ محکموں کیلئے شرحوں کے شیڈول ( ایس او آر ) 2022 کو اپنانے کی منظوری دی گئی ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ انتظامی کونسل نے جموں و کشمیر میں محکمہ تعمیرات عامہ کی تمام انجینئرنگ شاخوں ، سرکاری محکموں ، پبلک سیکٹر انٹر پرائیزز اور سول ورکس سے وابستہ سرکاری تنظیموں میں سول ورکس کیلئے شرحوں کا شیڈول ( ایس او آر 2022 ) متعارف کرانے کی منظوری دی ۔ جے اینڈ کے شرحوں کا شیڈول ( ایس او آر ) تمام انجینئرنگ محکموں کیلئے ایک اہم دستاویز ہے جو لاگت کے تخمینہ ، ٹینڈر کی تشخیص اور معاہدہ طے کرنے کیلئے بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے ۔ اس میں مختلف کاموں کا شیڈول ہوتا ہے اور اس سروس کی کارکردگی کیلئے ادائیگی کی متعلقہ یونٹ کی شرح فراہم کرتا ہے ۔ مزید شرحوں کے شیڈول 2022 میں جہاں بھی قابلِ اطلاق ہو ، مشینری اور ساز و سامان کے آلات اور پلانٹس اور پہلے سے تیار شدہ عمارت کے اجزاء کا جائیزہ شامل ہے ۔ اسے ڈی آئی کیو سی نے تیار کیا ہے ۔ مزید براں انتظامی کونسل نے قیمتوں کے اشاریہ میں اضافے /گرنے کے پیش نظر ایس او آر کے مختلف اجزاء کی باقاعدہ نظر ثانی کو ادارہ جاتی بنانے کی ہدایت دی ۔










