امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایران کی شرکت کی تصدیق

امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایران کی شرکت کی تصدیق

وینکوور/یو این آئی// فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے دوبارہ اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں حصہ لے گا اور اپنے میچ امریکہ میں ہی کھیلے گا، جیسا کہ پہلے سے طے شدہ ہے ۔ انفینٹینو نے ان خیالات کا اظہار وینکوور کنونشن سنٹر میں منعقدہ 76ویں فیفا کانگریس کے دوران کیا۔ اس کانگریس میں دنیا بھر سے فٹ بال حکام ٹورنمنٹ کے انتظامات، قوانین میں تبدیلیوں اور آنے والے ایونٹ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے ۔حالیہ علاقائی کشیدگی کے درمیان ایران کی شرکت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر بات کرتے ہوئے انفینٹینو نے کہا میں براہِ راست یہ تصدیق کرتے ہوئے اپنی بات شروع کرنا چاہوں گا کہ، بلاشبہ ایران2026 کے فیفا ورلڈکپ میں حصہ لے گا اور یقینی طور پر ایران اپنے میچ امریکہ میں ہی کھیلے گا۔یہ تصدیق اس وقت سامنے آئی ہے جب ایرانی حکام نے پہلے یہ تجویز دی تھی کہ ان کے گروپ اسٹیج کے میچوں کو امریکہ سے منتقل کر کے میکسیکو میں کر دیا جائے ؛ تاہم فیفا نے اس تجویزکو مستردکردیا تھا۔ امریکی سرکاری حکام نے بھی حال ہی میں ایرانی ٹیم کے حوالے سے خوش آئند رویے کا اظہارکیا ہے ۔یہ کانگریس ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب وینکوور،48 ٹیموں پر مشتمل پہلے ورلڈکپ کے میزبان شہروں میں سے ایک کے طور پر اپنی تیاریاں مکمل کررہا ہے ۔ اس ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو11 جون سے 19 جولائی تک کریں گے ۔