ٹیگ کے کئی فوائد،یاتریوں کی ٹریکنگ وسلامتی بھی شامل : چیف ایگزیکٹیو آفیسر
سری نگر//امرناتھ شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) نتیشور کمار نے ہفتہ کو کہا کہ یاترا میں شامل کسی بھی یاتری اور دیگر افراد کو ریڈیو فریکوئنسی شناخت (RFID)کے ٹیگ یاچٹ کے بغیر امرناتھ یاترا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جے کے این ایس کے مطابق امرناتھ شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرنے ایک میڈیا ادارے کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر یاتری پروازوں یا ٹرینوں کے ذریعے یاترا کے لئے آتے ہیں تو آر ایف آئی ڈی ٹیگ کی فراہمی سے متعلق سہولیات ہوائی اڈے اور ریلوے اسٹیشن پر رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیروادی میں داخل ہونے والے یاتری چاہے وہ جموں میں اُتریں یا یاترا کیلئے سڑک کا انتخاب کریں، اُنہیں متعلقہ جگہوں پر آر ایف آئی ڈی ٹیگ فراہم کیے جائیں گے۔نتیشورکمار نے کہاکہ ریڈیو فریکوئنسی شناخت (RFID)کے ٹیگ یاچٹ کے ذریعے یاتری کو ٹریک کرنے اور یہ بتانے میں مدد کریں گے کہ وہ شخص کہاں ہے۔انہوںنے کہاکہ آر ایف آئی ڈی کے بہت سے فوائد ہیں اور ان میں سب سے اہم یہ ہے کہ یہ معلوم کرے گا کہ آیا کوئی غیر مجاز افراد ہیں، جس سے سیکورٹی ایجنسیوں کو ان کی شناخت کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر امرناتھ شرائن بورڈ نے کہا، پونی والا سمیت ہر کوئی، لنگر سیوا اور دیگر کی دیکھ بھال کرنے والوں کو یاترا کے دوران تعاون کرنا چاہئے۔انہوںنے کہاکہ مقامی لوگ جو مختلف ذرائع سے یاترا میں شامل ہیں وہ بھی آر ایف آئی ڈی ٹیگ یاچٹ لینے جا رہے ہیں۔موصوف چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ آنے والی یاترا کیلئے سیکورٹی کے علاوہ دیگر انتظامات بھی پہلے سے ہی موجود ہیں۔نتیشوار کمار نے ان تمام لوگوں سے بھی اپیل کی جو آئندہ امرناتھ یاترا کا حصہ بننے جا رہے ہیں کہ وہ RFID ٹیگ یاچٹ کو محفوظ کرنے کے اس نئے اصول کی تعمیل کریں، جو ان کی سلامتی وحفاظت کے لئے ہے اور اس سے انہیں محفوظ محسوس کرنے میں مدد ملے گی۔خیال رہے 30جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا43دنوں تک جاری رہنے کے بعد11اگست کواختتام پذیر ہوگی ۔جموں وکشمیرکی حکومت کوامسال امرناتھ یاترامیں ریکارڈلاکھوں یاتریوںکی شرکت کی اُمید ہے ،اسلئے یاتریوںکی حفاظت اورسہولیات کیلئے اضافی وغیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ،جن میں نیم فوجی دستوںکی350کمپنیوںکی تعیناتی بھی شامل ہے۔










