سرینگر// امامیہ فیڈریشن کشمیر نے شراب اور منشیات کیخلاف پارلیمنٹ میں مجوزہ بل لانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ معزز اراکین پارلیمان وسیع تر قومی مفاد اور نوجوانوں کے محفوظ مستقبل کے ضمن میں اس بل کو منظور کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ جہاں ایک طرف ملک میں ہر سال لاکھوں لوگ شراب اور منشیات کے استعمال کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا دیتے ہیں اور طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہوتےہیں وہیں اگر جموںوکشمیر کی بات کریں تو اس چھوٹی سی ریاست میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 13لاکھ سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں منشیات کی بری لت کے شکار ہوئے ہیں اور اس طرح کی صورتحال اس قوم کے مستقبل پر سوالیہ نشان عائد کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جب ملک کو ہر طرح کی آلودگیوں سے پاک کرنے کا مشن سرکار نے ہاتھ میں لیا ہے تو کیا ’’نشہ مکت بھارت‘‘کا خواب شراب اور منشیات پر پابندی کرکے شرمندئہ تعبیر نہیں کیا جاسکتااور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قوم کے محفوظ مستقبل کی خاطر اس غلیظ شئے پر پہلی فرصت میںپابندی عائد کی جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ امامیہ فیڈریشن کشمیر کا یہ اصولی اور آئینی موقف ہے کہ ہم ہر اُس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں جس سے کہ ملک میں زندگی کے ہر شعبے میں اصلاحات کا عمل بروئے کار لایا جائے اور شراب اور منشیات بھی اسی زمرے میں آتے ہیں اور ان نشہ آور چیزوں کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل ایک تباہ کن منزل کی جانب قدم بڑھا رہی ہے اور یہ قوم اور ملک کی دانشمند قیادت کا فرض ہے کہ وہ اس قوم کے مستقبل کو تباہی سے بچانے کیلئے نہ صرف اقدام کرے بلکہ سخت قوانین کو بھی بروئے کار لائے۔
امامیہ فیڈریشن کشمیر امید کرتی ہے کہ اس بل کو بغیر کسی رکاوٹ کے اراکین پارلیمان منظوری دیں گے اور اس طرح اس بل کی منظوری سے ملک میں ایک نئے دور کی شروعات ہوگی۔










