سری نگر//جموں وکشمیر وادی میں المناک واقعات اور دلخراش حادثات کاسلسلہ جاری ہے ۔ترہگام کپوارہ کی ایک17سالہ دوشیزہ نے راجباغ سری نگرمیں دریائے جہلم میں چھلانگ لگاکر مبینہ طور پر خودکشی کی جبکہ سدورااننت ناگ میں ایک شخص مبینہ طور پر ٹرین کے سامنے کود کر اپنی دونوں ٹانگیں کھوبیٹھا۔اس دوران اننت ناگ میں ایک شخص گاڑی میں آگ لگنے سے جھلس کر ہلاک ہوگیاجبکہ ریاسی میں پل منہدم ہونے سے2 گاڑیاں ندی میں گرنے سے 2افراد زخمی ہوگئے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق راجباغ سری نگر کے گاڑہانزپورہ علاقہ میں اتوار کی شام اُسوقت سراسیمگی کی صورتحال پیداہوئی ،جب یہاں بغرض تعلیم کرایہ کمرے میں ٹھہری ترہگام کپوارہ کی ایک 17سالہ نابالغ دوشیزہ نے مبینہ طور پر یہاں ایک نزدیکی فٹ برج سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔پولیس نے گاڑ ہانز پورہ راجباغ میں پیش آئے اس المناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ دریائی پولیس کی ایک ٹیم نے جہلم میں مبینہ طور پرکودنے والی لڑکی کی تلاش کیلئے اتوار کی شام ہی آپریشن شروع کردیااور اس کی لاش کا پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے لڑکی کی شناخت رابعہ افضل ترہگام کپواڑہ کے طور پر کی ۔اس دوران اننت ناگ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ملی اطلاعات کے مطابق اننت ناگ ضلع میں پیر کی سہ پہر ایک شخص محمداشرف ایتوساکنہ گوپال پورہ مٹن نے چلتی ٹرین کے سامنے کود گیا۔پولیس نے بتایاکہ یہ واقعہ سدوراعلاقہ میں پیش آیا،اورٹرین کی زدمیں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا،جس کواسپتال منتقل کیاگیا۔معلوم ہواکہ مذکورہ شخص کی دونوں ٹانگوںکواسپتال میں کاٹ دیاگیا،اوریوں یہ شخص عمر بھرکیلئے معذور بن گیا۔انہوں نے بتایا کہ ٹرین بانہال سے بارہمولہ آرہی تھی کہ اس شخص نے اس کے سامنے چھلانگ لگا دی۔اس دوران اننت ناگ میں ایک شخص گاڑی میں آگ لگنے سے جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ملی اطلاعات کے مطابق اننت ناگ ضلع کے پنزگام کوکرناگ علاقے میں پیر کوایک گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی اور اسے چلانے والا شخص جھلس کر ہلاک ہو گیا۔اس شخص کی شناخت شبیر احمد راتھر ولد محمد اشان راتھر ساکنہ پنزگام کے بطور ہوئی ہے، وہ پیشے سے نانبائی تھا۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے لاش کو طبی و قانونی کارروائی کے بعدلواحقین کے سپردکیا۔دریں اثناء ضلع ریاسی کے مہورے علاقے میں نالے پر ایک پل اس وقت منہدم ہو گیا جب اتوار کی شام2 لدے ڈمپر اس پر سے گزر رہے تھے۔حکام نے بتایاکہ دونوں ڈمپر، جن میں سے ایک کا رجسٹریشن نمبرJK02CW-9495 تھا اور دوسرا بغیر رجسٹریشن پلیٹ، مہورے اور چسان تحصیلوں کو ملانے والے بدورا ندی میں گرے۔گاڑیوں کے ڈرائیور امجد خان اور شوکت علی ساکنان کوٹرنکا راجوری، زخمی ہوئے جنہیں پولیس سمیت امدادی کارکنوں نے ہسپتال منتقل کیا۔ایس ڈی ایم مظاہر حسین شاہ نے جی این ایس پل کے گرنے اور ڈرائیوروں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ ڈمپر کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی۔










