آج عیدالاضحی:قریہ قریہ عظیم الشان اوررُوح پرور اجتماعات
جموں وکشمیر میں نماز عیدالاضحی کاسب سے بڑا اورعظیم الشان اجتماع تاریخی آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوگا
سری نگر//برصغیر ہندوپاک بشمول جموں وکشمیرمیں عیدالاضحی کی تقریب سعیدآج یعنی29،جون بروزجمعرات کوپوری اسلامی عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے،اوراس بابرکت دن کو انفرادی اوراجتماعی انداز میں منانے کی تمام ضروری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔جموں وکشمیرکی انتظامیہ نے عیدالاضحی منانے اوراس دن ہونے والے عظیم الشان نماز عید کے اجتماعات کے پیش نظراپنی جانب سے تمام ضروری انتظامات اور اقدامات روبہ عمل لائے ہیں ۔حالیہ کچھ ہفتوں سے جاری خشک موسمی صورتحال کے پیش نظر کشمیروادی کے بیشترعلاقوںمیں نماز عیدالاضحی کے اجتماعات عیدگاہوں،دیگر کھلی جگہوں، ،امام بارگاہوں اور بڑی جامع مساجد میں منعقد ہونگے ،اور جموں وکشمیر میں نماز عیدالاضحی کاسب سے بڑا اورعظیم الشان اجتماع تاریخی آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوگا جبکہ شہرخاص میں واقع مرکزی جامع مسجد میں بھی نماز عیدالاضحی کا بڑا اجتماع متوقع ہے،تاہم عیدگاہ سری نگرمیں نماز عید کے اجتماع کاانعقاد ممکنہ طور پر نہیں ہوگا۔جے کے این ایس کے مطابق 10ماہ ذی الححج یعنی آج بھارت اور پاکستان میں نمازعیدالاضحی پوری اسلامی عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے ۔سری نگرشہر سمیت پورے جموں وکشمیرمیں عیدالاضحی کوروایتی مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کیساتھ منانے کی تیاریوںکو جمعہ کے روز حتمی شکل دی گئی ،تمام عیدگاہوں، بڑی جامع مساجد ،درگاہوں ،آستانوں، ،امام بارگاہوں اور زیارت گاہوں کے منتظمین نے نماز عیدالاضحی کے وقت اور اجتماعات کیلئے لازمی اقدامات کوحتمی شکل دی،اور جاری شدیدگرمی کے پیش نظر نمازعیدکے اجتماعات صبح6بجے سے ساڑھے8بجے تک منعقد ہورہے ہیں ۔کشمیروادی کے اطراف واکناف میں آج علی الصبح سے ہی نماز عیدالاضحی کے اجتماعات کاخشووخضوکیساتھ اہتمام کیاجارہاہے۔لاکھوں فرزندازن توحید بشمول بزرگ شہری اور کمسن بچے پاک وصاف اور نئے لباس زیب تن کرکے اور باوضو ہوکر نزدیکی عیدگاہوں ،امام بارگاہوں،جامع مساجد اور دیگر ایسے مقامات کارُخ کریں گے ،جہاں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہونگے ۔شہرسرینگر اوروادی کے دیگر9اضلاع بشمول بڈگام،گاندربل،بارہمولہ ،بانڈی پورہ ،کپوارہ ،پلوامہ ،اننت ناگ ،کولگام اورشوپیان میں نماز عید الاضحی کے بڑے بڑے اجتماعات کاانعقاد ہورہاہے ۔اسے پہلے فرزندان توحید آج یعنی جمعرات کوعلی الصبح نمازفجر اداکرنے کے بعد آبائی مقبروں پرجاکر اپنے متوفی عزیزوں اور رشتہ داروں بشمول والدین اور بھائی بہنوں وبچوں کی فاتح خوانی کریں گے اور رب کائنات سے ان متوفین کے بلنددرجات اورگناہوںکی بخشش کیلئے دعائے مغفرت کریں گے ۔نمازعید سے قبل علمائے دین اوردیگر مقررین اس عظیم ،مقدس اور بابرکت دن یعنی عیدقربان پرروشنی ڈالیں گے ،اور امام صاحبان لوگوںکو نماز عیداداکرنے کاطریقہ بتائیں گے ،جو 6تکبرات کیساتھ اداکی جائیگی ،جسکے بعد امام صاحبان خطبہ عید پڑھیں گے اورسبھی لوگوں کیلئے یہ واجب ہے کہ وہ 6تکبیرات کیساتھ 2رکعت پرمشتمل نماز عیدالاضحی اداکرنے کے بعد خطبہ سنیں اور پھراجتماعی دعائوںمیں بھی شامل رہیں ۔نماز عیدالاضحی کرنے کے بعد ہزاروں لوگ حضرت ابراہیم ؑ کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے حلال جانوروں بشمول بھیڑوں،بیلوں اور اونٹوں وغیرہ کی قربانی رضائے الٰہی کیلئے پیش کریں گے ۔ جانوروں کی قربانی عید کے تیسرے روز نماز ظہرتک دی جاسکتی ہے ۔










