اسمبلی نے کوآپریٹیو سوسائٹیز ترمیمی بِل 2026کومنظور کیا

اسمبلی نے کوآپریٹیو سوسائٹیز ترمیمی بِل 2026کومنظور کیا

بِل میں ’ سیلف ریلائنٹ کوآپریٹیو ایکٹ 1999‘کو منسوخ کرنے اور سیلف ریلائنٹ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کیلئے عبوری فریم ورک فراہم کرنے کی تجویز ہے

سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے ایوان کے اراکین کی تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد ’جموں و کشمیر کوآپریٹیو سوسائٹیز (ترمیمی) بل، 2026 (ایل اے بل نمبر 9 آف 2026) منظور کیا۔یہ بل وزیر برائے محکمہ کوآپریٹیو جاوید احمد ڈار نے پیش کیا۔ بِل میں جموں و کشمیر کوآپریٹیو سوسائٹیز ایکٹ 1989 میں ترمیم، جموں و کشمیر سیلف ریلائنٹ کوآپریٹیوایکٹ1999 کو منسوخ کرنے اور بنیادی ایکٹ کے تحت سیلف ریلائنٹ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے لئے ایک عبوری فریم ورک فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ایوان میں بِل پر تفصیلی بحث ہوئی جس دوران متعدد ارکانِ اسمبلی نے مجوزہ قانون کی مختلف شقوں کے حوالے سے اَپنی آرأ، تجاویز اور مشاہدات کا اِظہار کیا۔بحث و مباحثے میں حصہ لینے والے ارکان میں نظام الدین بٹ، پون گپتا، بلونت سنگھ منکوٹیہ، اَرجن سنگھ راجو اور راجیو جسروٹیہ شامل تھے۔وزیر موصوف نے بحث کے دوران اُٹھائے گئے مسائل اور تجاویز کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو مجوزہ ترامیم کے مقاصد اور جواز سے آگاہ کیا اور کوآپریٹیو شعبے کو ایک مضبوط، شفاف اور مؤثر قانونی فریم ورک کے ذریعے مستحکم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’یہ بِل جموں و کشمیر میں کوآپریٹیوکے قانونی ڈھانچے کو منظم کرنے اور کوآپریٹو اداروں کو مزید مؤثر طریقے سے کام کرنے اور اَپنے اراکین کو خدمات کی فراہمی کے قابل بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔‘‘وزیر نے کہا کہ مجوزہ قانونی فریم ورک کا مقصد کوآپریٹیو شعبے میں زیادہ ہم آہنگی پیدا کرنا اور سیلف ریلائنٹ کوآپریٹو سوسائٹیوں کی جموں و کشمیر کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1989 کے دائرہ کار میں منتقلی کے عمل کو ہموار بنانا ہے۔بحث اور ارکان کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر غور کے بعد جموں و کشمیر کوآپریٹیو سوسائٹیز (ترمیمی) بل 2026 کو قانون ساز اسمبلی نے صوتی ووٹ کے ذریعے منظور کیا۔