teachers day

اساتذہ پائیدار سماج ،ترقی پسند ذہن اور روشن مستقبل کے ضامن

ڈاکٹروں،انجینئروں اور اسکالروں کے معمار ،یوم اساتذہ کے موقعہ پر ٹریڈیونین لیڈر کااساتذہ کو خراج تحسین پیش

سری نگر//سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے یوم اساتذہ کے موقعہ پر اساتذہ کومستقبل کے حقیقی معمار قرار دیتے ہوئے اسبات پر زوردیاکہ مدرسین کو اپنے شاگردوں کی اخلاقی تربیت پربھی توجہ دینی چاہئے ۔EJCCکے ترجمان کی جانب سے جاری جے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق یوم اساتذہ کے موقعہ پر ملازم انجمنوں کے مشترکہ پلیٹ فارم کا ایک اہم اجلاس صدر دفتر واقع شالی اسٹور سری نگرمیں منعقد ہوا۔چیئرمین EJCCاعجاز احمدخان کی زیر صدارت اس اجلاس میں EJCCکے سینئر لیڈران شیخ اعجاز،جاوید احمدآخون،مقبول حسین ،شبیراحمد لنگو،خالد محمودخان،حاجی عبدالقیوم بیگ،شاہنوازآہنگر،منیر فلگرو،فاروق احمدکاوا،رحمت اللہ خان ،ہلال احمدلون،پیرزادہ محمد صادق،فاروق احمدراتھر،شوکت احمدنوشہری ،شیرعلی ، عنایت نوشہری،کومیل حیدر، محمداقبال کنٹھ اورصبیہ بشیر نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں اساتذہ کے سماجی اور تعلیمی محاذ پررول کو سراہاگیا ،اوراُنھیں سماج کاسب سے باوقار طبقہ قرار دیاگیا،کیونکہ ایک اُستاد کی نگرانی اوررہنمائی میں ہی ڈاکٹر ،انجینئر ،لیکچرر،پروفیسر ،اسکالر اور تحلیق کار بنتے اور فروغ پاتے ہیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین EJCCاعجاز احمدخان نے کہاکہ دنیا بھرمیں اساتذہ کوقابل قدر سمجھاجاتاہے اور سماج کاہر طبقہ اساتذہ کااحترام کرتا ہے ۔آج کا کوئی بڑا افسر جب بچپن کے کسی ٹیچر کو دیکھتا ہے ،تواحترام کا جذبہ افسری پر بھاری پڑجاتاہے ۔انہوںنے اساتذہ کو سماج کے اصلی تخلیق کار اور مستقبل کیلئے حقیقی معمار قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسبات پر زوردیاکہ ہم سب کو اساتذہ کااحترام کرنا چاہئے ،تاہم انہوںنے موجودہ دور کے اساتذہ پر زوردیاکہ وہ اپنے رتبے اور اپنی ذمہ داریوںکو سمجھتے ہوئے اپنے شاگردوں کی صحیح رہنمائی کریں ،تاکہ جو عزت اوراحترام ماضی کے اساتذہ کو آج ملتا ہے ،وہی عزت اوراحترام مستقبل میں آج کے ٹیچروں اور دیگرمدرسین کو بھی ملتارہے ۔اعجاز احمدخان نے بہتر اور شفاف سماج کی تخلیق میں اساتذہ کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ والدین کے بعد بچوں بچیوں کیلئے سب سے قابل احترام اُن کے اساتذہ ہی ہوتے ہیں ،اسلئے اگر اساتذہ اسکول یاکلاس روم میں پڑھاتے وقت اپنے شاگردوں کی اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دیں اور اپنے شاگردوںمیںکسی بھی لحاظ سے کوئی تفریق نہ کریں ،تو عصر حاضر کے سماجی اور معاشرتی مسائل اور چیلنجوں سے نمٹا جاسکتا ہے ۔میرا اُستاد ہی میرا رہنما کا نعرہ بلند کرتے ہوئے سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ جس طرح ہم اپنے وقت کے اساتذہ کو آج تک یاد کرتے ہیں ،اوراُن کااحترام کرتے ہیں ،میری خواہش ہے کہ سماج میں اساتذہ کا یہی احترام ہمیشہ قائم رہے ۔انہوں نے یوم اساتذہ کے موقعہ پرتمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسبات پر بھی زوردیاکہ نجی یا پرائیویٹ اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروںمیں سخت محنت کرنے والے اعلیٰ تعلیمیافتہ ٹیچروں کیساتھ انصاف کیا جائے اوراُن کی مجبوری کاکوئی ناجائز فائدہ نہ اُٹھایا جائے ۔