اروند کیجریوال آج مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے سے کریں گے ملاقات

ممبئی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بدھ کی سہ پہر مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کریں گے۔ حکام نے یہاں یہ جانکاری دی۔ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ملاقات میں اروند کیجریوال کے ساتھ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور ممبئی عآپ کے رہنما بھی ہوں گے۔ اس کے بعد دونوں جمعرات کے روز نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار اور ان کی ٹیم سے ملاقات کرنے والے ہیں۔مرکز اور دہلی حکومت میں افسران کے ٹرانسفر و پوسٹنگ معاملے میں مرکز کے ذریعہ جاری آرڈیننس کے خلاف عآپ کی لڑائی میں ریاستی رہنماؤں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے دونوں رہنما ممبئی میں ہیں۔ کیجریوال اور ٹھاکرے کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہوگی، دونوں اپنی اپنی زمینوں پر بقا کی سیاسی جنگ میں مصروف ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی طرف سے سی ایم ایکناتھ شندے دھڑے کو شیوسینا کا اصل نام اور کمان اور تیر کا نشان الاٹ کرنے کا فیصلہ آنے کے فوراً بعد، اروند کجریوال اور بھگونت مان 24 فروری کو یہاں آئے تھے، یہ لوگ ادھو ٹھاکرے سے ملے اور ان کی حمایت کا مکمل اعکان کیا اور ساتھ ہی اپوزیشن اتحاد کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اروند کجریوال نے بدھ کو کولکتہ میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی، جنہوں نے کچھ دیگر جماعتوں کے ساتھ آرڈیننس پر عآپ کے موقف کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے، حالانکہ کانگریس کا موقف ابھی تک واضح نہیں ہے۔