اتل ڈولو نے مرالیاں میں کسانوں کے فیلڈ فنکشنری ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا

جموں//محکمہ زراعت کی پیداوار کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اتل ڈولو نے آج یہاں انگور فارم مرالیاں آر ایس پورہ میں اپنی نوعیت کے پہلے کسانوں کے فیلڈ فنکشنری ٹریننگ سینٹر اور اسٹرابیری شو کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں، ڈائریکٹر زراعت جموں ، سیکرٹری جموں و کشمیر کسان ایڈوائیزری بورڈ ، جوائینٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ، جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ کے چیف ہارٹیکلچر آفیسرز ، سی سی آئی جموں ، کسان ایڈوائیزری بورڈ کے سرکردہ ممبران ، پی آر آئی ممبران ، اسٹرابیری کے کاشتکاروں کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران اور اہلکار موجود تھے ۔ اسٹرابیری کے کاشتکاروں /شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اتل ڈولو نے کہا کہ مرالیاں میں اس ٹریننگ سینٹر کا قیام خطے میں باغبانی کی مجموعی ترقی کیلئے خاص طور پر ذیلی ٹراپیکل کی کاشت میں جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں کسانوں کو تربیت دینے /آگاہ کرنے میں بہت فائدہ مند ثابت ہو گا ۔ انہوں نے اسٹرابیری شو کا بھی معائینہ کیا جس میں جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ کے اسٹرابیری کے کاشتکاروں نے اپنے اسٹرابیری پھلوں کی نمائش کے ساتھ شرکت کی ۔ اے سی ایس نے جموں ڈویژن میں اس انتہائی منافع بخش نقد فصل کو اپنانے ، فروغ دینے اور مقبول بنانے میں اپنی تمام تر کوششیں کرنے پر محکمے اور اسٹرابیری کے کاشتکاروں کی تعریف کی ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر منگلا رائے کمیٹی کے تیار کردہ نئے متعارف کرائے گئے ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے محکمانہ عہدیداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں جس سے باغبانی کے شعبے کو بڑے پیمانے پر فروغ ملے گا ۔ اس موقع پر اتل ڈولو نے جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ ضلع کے کسانوں کو محکمانہ اسکیموں کے مختلف اجزاء کے تحت دستیاب مالی امداد حاصل کرنے کیلئے کسانوں کو روشناس کرایا ۔ چیف ہارٹیکلچر آفیسر جموں نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا اور ڈی ایل ایس ایم ایس ( پومولوجی ) جموں سندیپ گپتا نے پروگرام کی کارروائی چلائی ۔