rain

ابر آلود موسمی صورتحال کے چلتے کچھ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ

11نومبر تک بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان / محکمہ موسمیات

سرینگر // ابر آلود موسمی صورتحال کے چلتے پیر کی گلی کے علاوہ کچھ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے بیچ ٹنل کے آ ر پار آئندہ کچھ دنوں تک برفباری اور بارشوں کے اگلے مرحلے کے پیشگوئی کے چلتے وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کرنے سے پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مشہور سیاحتی مرکز پہلگام اور شہر آفاق گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت میںکافی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 9 نومبر کی شام سے 11 تک بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر میں جاری شدید سردی کی لہر کے بیچ خطہ لداخ کے قصبہ کرگل میں گزشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کشمیر جموں اور لداخ خطوں میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ابر آلود موسمی صورتحال کے ساتھ ساتھ بارشوں اور برفباری کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابر آلود موسم کے چلتے 9 نومبر کی شام سے 11 نومبر کی دوپہر کے دوران بہت سی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفبار ی متوقع ہے۔انہوںنے کہا کہ 12سے 16نومبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلودرہنے کی توقع ہے۔ ادھر یخ بستہ ہوائوں کے نتیجے میں یہاں کا موسم بھی سرد ہی محسوس کیا جارہا ہے۔سرینگر میں بھی رات کے درجہ حرارت میں ہلکی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ادھر وادی کشمیر میں سردیوں کے ایام کے دوران بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگ مشکلات سے دو چار ہے جبکہ سردی سے بچنے کیلئے اہلیان کشمیر نے گرم ملبوسات زیر تن کرنا شروع کر دیا ہے اور سردی سے بچنے کیلئے روایتی اور جدید گرمی کے آلات کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 9نومبر کی شام سے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں برفباری سے سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے ۔ادھر شوپیان سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ جمعرات کے بعد دو پہر پیر کی گلی کے مقام پر تازہ برفباری کے بعد مغل روڑ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی گلی کے مقام پر دو سے تین انچ برف ریکارڈ کی گئی جس کے بعد سڑک پر پھلسن پیدا ہو جانے کے پیش نظر شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت بند کر دیا گیا ہے ۔