اننت ناگ//پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محکمہ آلوک کمار نے ڈاک بنگلو کھنہ بل میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی تاکہ مقامی باشندوں کو ان کے مسائل اور شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے۔عوامی دربار میں چیئرمین ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ایم وائی گورسی،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد اور دیگر سینئر افسران بشمول ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، مختلف اِنجینئرنگ ونگوں کے ایگزیکٹیوانجینئران، چیف میڈیکل آفیسر، سب ڈویژنل مجسٹریٹوں، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت، ڈیولپمنٹ اینڈ ریونیو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اِس کے علاوہ رہائشیوں اورتجارتی اِداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔دورانِ تقریب مقامی لوگوں اور مختلف عوامی نمائندوں نے اپنی شکایات سے آگاہ کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے شرکأ کو یقین دِلایا کہ عوامی دربار میں اُٹھائے گئے ان کے تمام حقیقی مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے شکایات کے ازالے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات بھی جاری کیں۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو بھی سراہا اور کہا کہ انتظامیہ ضلع میں ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کے علاوہ مقامی مسائل کو حل کرنے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کے اس اَقدام سے شہریوں کی جانب سے مثبت ردِّعمل سامنے آیا ہے جو اِنتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کرنا بہت آسان سمجھتے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ متعلقہ محکمے عوام کی شکایات کو جوابدہ انداز میںدور کرنے کے لئے تیار ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ عوامی دربار حکومت کا ایک اَقدام ہے جس میں حکومت کے اعلیٰ اَفسران عوام کے مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے کے لئے شکایات ازالے کیمپوں کی صدارت کرتے ہیں۔










