سرینگر //آزاد کلچرل فورم چاڑورہ کی جانب سے مورخہ 4 مئی کو ایک اہم اور کامیاب میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فورم کے عہدیداران اور اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ میٹنگ معروف ادبی شخصیت اور فورم کے سرپرستِ اعلیٰ علی محمد شیرازی کے دولت خانہ پر منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ کا بنیادی مقصد ۱۲ مئی کو منائے جانے والے “ساقی ڈے” کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق میٹنگ میں فورم کے صدر قیوم کاشمیری، نائب صدر محمد رمضان ڈار، جنرل سیکریٹری شاہنواز نظیر اور دیگر معروف شعراء و ادباء شامل تھے۔ شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ “ساقی ڈے” کے موقعہ پر ایک یادگار اور باوقار ادبی پروگرام پیش کیا جائے گا، جس میں شاعری، موسیقی اور مقامی ثقافت کے رنگ نمایاں ہوں گے۔میٹنگ کے بعد ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں خطے کے ممتاز شعراء نے شرکت کی اور اپنے منفرد صوفیانہ کلام سے سامعین کو مسحور کر دیا۔ اس ادبی محفل میں پیش کیے گئے اشعار میں تصوف، روحانیت، محبتِ الٰہی، اور انسان دوستی کے موضوعات کو خوبصورت پیرائے میں بیان کیا گیا، جسے سامعین نے بے حد پسند کیا۔اس محفل میں جن شعراء وادباء نے شرکت کی ان میں علی محمد شیرازی (سرپرستِ اعلیٰ), قیوم کاشمیری (صدر), محمد رمضان ڈار (نائب صدر), غلام قادر بیدار, پروفیسر روف عادل, غلام محی الدین چوپان, امتیاز بگامی, غلام نبی ڈار,شمش الدین شمیم, منظور احمد سیلانی, جلال الدین, سلام چراونی, تنہا نیاز.غلام قادر,شہنواز نظیر (جنرل سیکریٹری),شاہ زبیر (نوجوان قلمکار)قابل ذکر ہیں۔محفل کا ماحول روحانی اور صوفیانہ رنگ میں ڈوبا ہوا تھا، جہاں شعرائے کرام نے حضرت بلبل شاہ، شیخ نورالدین ولی ؒاور دیگر اولیائے کرام کی تعلیمات اور افکار کو اپنے کلام کا حصہ بنایا۔ سامعین ان صوفیانہ اشعار سے محظوظ ہوئے اور کئی بار داد تحسین سے محفل گونج اٹھی۔میٹنگ کے دوران تمام اراکین نے اپنی قیمتی آراء پیش کیں اور اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ “ساقی ڈے” کو ایک عظیم الشان ثقافتی اور ادبی تقریب کی صورت میں منایا جائے گا، جس میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ صدر فورم قیوم کاشمیری نے اجلاس کے اختتام پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کلچرل فورم چاڑورہ مقامی ثقافت، صوفیانہ ورثے اور ادب کی خدمت کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہے گا۔آخر میں سرپرستِ اعلیٰ علی محمد شیرازی نے تمام شعراء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فورم آئندہ بھی اس طرح کی ادبی اور صوفیانہ سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا، تاکہ نوجوان نسل میں روحانیت، امن، محبت اور ادب کی محبت کو فروغ دیا جا سکے۔۱۲ مئی کو منائے جانے والے “ساقی ڈے” کے لیے اگلی میٹنگ جلد منعقد کی جائے گی، جس میں مزید تفصیلات اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔










