آر ایس بالی ، ان کی اہلیہ اوراس کے بیٹے کو چندو سا گائوں بارہمولہ میں آخری رسومات اَنجام دئیے گئے

سری نگر//آج ایک دِل دہلانے والی تقریب میں ڈائریکٹر فائنانس محکمہ جنگلات آر ایس بالی ، ان کی اہلیہ اور ان کے پیارے بیٹے کو نم آنکھوں اور گہرے دُکھ کے ساتھ آخری رسومات اَنجام دیئے گئے۔آر ایس بالی کے آخری رسومات کو اَنجام دینے کے لئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں سوگوار ، غمزدگان اور الوداع کرنے والے چندو سا گائوں بارہمولہ میں جمع ہوئے تھے۔محکمہ خزانہ کے اَفسروں اور ملازمین کے ساتھ محکمہ جنگلات ، محکمہ سکولی تعلیم اور دیگر مختلف محکموں نے آنجہانی آفیسر اور ان کے اہل خانہ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔سوگوار وں نے آنجہانی کے آخری رسومات کو چندو سا بارہمولہ میں اَنجام دیا جہاں اَفسروں ، رشتہ داروں ، ہمسایوں اور تمام طبقوں اور مذہبی کمیونٹیوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے۔آر ایس بالی ، ان کی اہلیہ اور ان کا بیٹا 9؍ جولائی 2023ء کو مغل روڈ پر سفر کے دوران ایک المناک اور دِلدوز حادثے میں اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔اِس دِل دہلادینے والے واقعے کی خبر نے جائے وقوعہ پر موجود ہر شخص کی گہرے دُکھ سے آنکھیں نم تھی ، آنسو بھری آنکھوں سے اُنہوں نے مرحومین کی اَرواح کے اَبدی اور دائمی سکون کے لئے دعا کی۔آخری رسومات کے دوران جموںوکشمیر فائنانس ایسو سی ایشن اور جے اینڈ کے اکائونٹس ایمپلائز ایسو ی ایشن کے نمائندے بھی اَپنے گہرے دُکھ کا اِظہار کرنے اور زخمی بیٹی کی صحتیابی و شفایابی کے لئے دعاکرنے کے لئے موجود تھے جو اِس وقت زیر علاج ہے اور اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔محکمہ خزانہ نے تمام حاضرین کے ساتھ آنجہانی کے اہل خانہ ، دوستوں اور ساتھیوں کے تئیں اَپنی گہری تعزیت کا اِظہار کیا ہے۔آر ایس بالی کے لئے ان کی خدمات اور لگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اِنتقال سے ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جسے پُر کرنا مشکل ہے۔