آئی آئی ایم جموں نے تعلیمی عمدگی اور اِختراع کے دَس سال مکمل ہونے پر تقریب کا اِنعقاد کیا

آئی آئی ایم جموں نے تعلیمی عمدگی اور اِختراع کے دَس سال مکمل ہونے پر تقریب کا اِنعقاد کیا

سری نگر// اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) جموں نے اپنے جگتی کیمپس میں ایک شاندار اِفتتاحی تقریب کے ساتھ اپنے قیام کے دس سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔تقریب میں مہمانِ خصوصی فائنانشل کمشنر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محکمہ شانت منو نے اِفتتاحی خطاب کیا ۔منیجنگ ڈائریکٹر اور سی اِی او جے اینڈ کے بینک امیتا چٹر جی مہمان ذِی قار کی حیثیت سے موجود تھے۔تقریب کا آغاز روایتی سرسوتی وندنا اور چراغاں کے ساتھ ہوا جو آئی آئی ایم جموں کے تعلیمی سفر کی خوشی میں ماحول کو معنویت بخشنے کے لئے تھا۔ تقریب کا اہم پہلو شانت منو کے ذریعہ اِنسٹی چیوٹ کے 10 سالہ لوگو کی نقاب کشائی تھی جو آئی آئی ایم جموں کی جدت اور تبدیلی کے عزم کی علامت ہے۔ڈائریکٹر پروفیسر بی ایس سہائے نے اِستقبالیہ خطاب میں ادارے کے دس سالہ سفر پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے ویژن پر بات کی۔ڈینز پروفیسر جابر علی اور ڈاکٹر نیتن اپادھیائے نے آئی آئی ایم جموں کے تعلیمی و تحقیقی اقدامات کے بارے میں تفصیلات بتائیں، اور اسے ایک اعلیٰ اِنتظامی ادارہ قرار دیا۔تقریب کے دوران ’’جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کی ترقی و بہتری میں تعلیمی اداروں کا کردار‘‘ کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن بھی ہوا جس کی صدارت شانت منو نے کی۔ اس میں ممتاز تعلیمی اداروں کے ماہرین نے شرکت کی۔بحث میں خطے میںاِختراعات، صلاحیتوں کی ترقی اوردیرپا ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔پروفیسر شیام نارائن نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔