چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں 77 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کی تیاریوں کا جائیزہ لیا

جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے سول انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت دی کہ وہ 26 جنوری 2026 کو قومی جذبے کے ساتھ منائے جانے والے 77 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کیلئے جامع انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے یہ باتیں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں جس میں یو ٹی بھر میں کی جا رہی تیاریوں اور انتظامات کا جائیزہ لیا گیا ۔ اس موقع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ یومِ جمہوریہ کی شام کو تمام سرکاری دفاتر اور نمایاں عمارتوں کو سجاوٹی روشنیوں سے منور کریں ۔ انہوں نے انہیں ہدایت دی کہ وہ تمام سطحوں پر تقریبات میں عوامی شرکت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنائیں اور جموں و کشمیر کے طول و عرض میں شاندار تقاریب کا انعقاد کریں جو اتحاد اور قومی فخر کے جذبے کی عکاسی کریں ۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تقریبات کے مقامات کے ارد گرد صفائی اور حفظانِ صحت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کوششیں کریں ۔ ۔ انہوں نے مرکزی مقامات خصوصاً سرینگر اور جموں میں بلا تعطل بجلی اور پانی کی فراہمی پر زور دیا ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ یو ٹی کے ہر سکول میں اپنا الگ یومِ جمہوریہ پروگرام منعقد کیا جائے ۔ مزید براں انہوں نے تمام ڈیپارٹمنٹل سربراہوں اور ڈسٹرکٹ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ دفاتر میں یادگاری تقاریب کا انعقاد کریں ۔ مسٹر ڈولو نے اسکولی بچوں کے ثقافتی پروگراموں اور مختلف فورسز کی بینڈ ڈسپلے کی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے خاص طور پر بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ انتظامات اور ٹریفک منیجمنٹ پلانز کے بارے میں تفصیلات طلب کیں تا کہ تقریبات کے دوران عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو ۔ محکموں کو ان کی کامیابیوں کو تخلیقی طور پر پیش کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے انہیں جموں اور سرینگر میں یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریبات کے دوران ڈسپلے کیلئے تھیمیٹک ٹیبلو( جھانکیاں ) تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جامع جائیزہ لیا تا کہ قومی تقریب کو جوش و جذبے اور وقار کے ساتھ منایا جائے ۔ انہوں نے پیشگی منصوبہ بندی اور محکموں کے درمیان کوارڈینیشن کی اہمیت پر زور دیا ۔ مسٹر ڈولو نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی تیاریوں بشمول صحافیوں کو پاس جاری کرنے اور پبلک ایڈریس سسٹم کے تنصیب کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے انتظامات کا جائیزہ لیا کہ سکولی بچوں کیلئے بسوں کی فراہمی ، متعلقہ ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے دعوت نامے تقسیم کرنے اور متعلقہ محکموں کی طرف سے بجلی ، پانی کی فراہمی ، فائیر ٹینڈرز اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف سیکرٹری نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ لگن اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تا کہ اس سال جموں و کشمیر میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کامیاب اور یاد گار ہوں ۔ انہوں نے قومی تقریب کے انعقاد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔