وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا یوٹی کو پولیوسے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ
سرینگر///یو این ایس جموں و کشمیر حکومت نے اتوار کے روز پورے مرکز کے زیر انتظام خطے میں پولیو کے خلاف خصوصی ’’پلس پولیو‘‘ مہم کا انعقاد کیا، جس کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ 0 سے 5 سال کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس موقع پر جموں و کشمیر کو پولیو سے مکمل طور پر پاک خطہ بنانے کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ بچوں کا محفوظ مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔یو این ایس کے مطابق سماجی رابطہ گاہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں وزیر اعلیٰ کے دفتر نے کہا کہ پلس پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی پولیو بوتھ پر لے جا کر ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس مہم میں حصہ لینے والے صحت کارکنوں اور رضاکاروں کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ افراد ’’ہمارے بچوں کے مستقبل کے محافظ‘‘ ہیں۔ادھر وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے گاندھی نگر جموں کے سرکاری اسپتال سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری اور عوامی شراکت داری کو پولیو فری حیثیت برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ سکینہ ایتو نے صف اول کے صحت کارکنوں، آشا اور آنگن واڑی ورکرز، رضاکاروں اور ضلعی صحت ٹیموں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز اور دشوار گزار علاقوں تک پہنچ کر بچوں کو پولیو کے دو قطرے پلانا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم محکمہ صحت کے عملے نے اس ذمہ داری کو بخوبی نبھایا۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران پورے جموں و کشمیر میں تقریباً 11 ہزار پولیو بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں 40 ہزار سے زائد صحت کارکن شامل ہیں، جبکہ تقریباً 20 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیر موصوفہ کے مطابق تمام اضلاع میں خصوصی پولیو بوتھس، موبائل ٹیمیں اور گھر گھر جا کر ویکسینیشن کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ کوئی بھی اہل بچہ اس مہم سے محروم نہ رہ جائے۔ اس کے علاوہ مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے مضبوط مانیٹرنگ نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔










