جے اینڈ کے ٹورازم کی حمایت کرنے پر اے ٹی او اے آئی کی ستائش اور جموں و کشمیر میں سیاحت سے وابستہ افراد کی تعریف کی
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے شیر کشمیر انٹر نیشنل کنونشن سینٹر ( ایس کے آئی سی سی ) میں ایڈوینچر ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا ( اے ٹی او اے آئی ) کی 17 ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ جموں و کشمیر ایڈونچر ٹورازم کی سرگرمیوں کیلئے مثالی طور پر موزوں منزل ہے ۔ یہ چار روزہ قومی ایونٹ سرینگر میں 17 سے 20 دسمبر 2025 تک منعقد ہو رہا ہے ، جس کا مقصد جموں و کشمیر کو ایڈونچر ٹورازم کیلئے عالمی سطح پر ایک سرکردہ منزل کے طور پر پیش کرنا ہے ۔ اس ایونٹ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے گلمرگ فاروق احمد شاہ ، ایڈیشنل سیکرٹری اینڈ ڈی جی ٹورازم گورنمنٹ آف انڈیا سمن بلا ، جی او سی 31 سب ایریا میجر جنرل ابھجیت مترا ، صدر اے ٹی او اے آئی اجیت بجاج ، ہیڈ جے اینڈ کے چیپٹر اے ٹی او اے آئی رؤف ترمبو ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں ، سابق ڈائریکٹر ٹورازم محمود احمد شاہ اور جی این ایتو اور پولیس و سول انتظامیہ ، ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران ، اے ٹی او اے آئی کے ڈیلیگیٹس اور ایڈونچر ٹورازم سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد ، اے ٹی او اے آئی کے عہدیداران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔ اے ٹی او اے آئی کنونشن کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سرینگر میں اے ٹی او اے آئی کی 17 ویں سالانہ کنونشن کے انعقاد پر اے ٹی او اے آئی کی کوششوں کو سراہا ، جس کا مقصد جموں و کشمیر میں ذمہ دارانہ ، محفوظ ، پائیدار اور لچکدار ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اجاگر کیا کہ جموں و کشمیر نے ایڈونچر ٹورازم خاص طور پر سکیئنگ ، ماؤنٹینئرنگ ، ٹریکنگ وغیرہ میں ، جو پوری دنیا میں مشہور ہیں ، میں پیش رو کا کردار ادا کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ ٹیکنالوجی کی انضمام جموں و کشمیر میں ایڈوانسڈ ایڈونچر ٹورازم کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں حقیقت کا روپ دینے کیلئے ضروری ہے ۔ انہوں نے مصنوعی برف متعارف کرانے پر زور دیا تا کہ گلمرگ میں سکیئنگ کو جلد شروع کیا جا سکے اور سکیئنگ کی مدت کو طول دیا جا سکے ، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد دے گا جو کم اور تاخیر شدہ برفباری کا باعث بنتی ہیں وزیر اعلیٰ نے واضع کیا کہ جموں و کشمیر حکومت موجودہ موسم میں درپیش چیلنجز کے باوجود ٹورازم سیکٹر کی مسلسل ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے اے ٹی او اے آئی کی قیادت کی بھی قدر کی کہ انہوں نے جموں و کشمیر کو اس معتبر قومی کنونشن کی میز بانی کا موقع فراہم کیا ۔
وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر برائے سیاحت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے ٹورازم سیکٹر کو ناقابلِ تردید مدد اور حمایت فراہم کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حرارت حقیقی مسائل ہیں جن پر بات چیت کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں آنے والی نسلوں کیلئے اپنے ماحول کی حفاظت کے اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ برف کے بغیر ہم گلمرگ کو پیش نہیں کر سکیں گے اور ہمارے گلیشئر بھی چونکا دینے والی رفتار سے پسپا ہونے لگے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وائٹ واٹر رافٹنگ ، ماؤنٹینئرنگ ، ٹریکنگ ، پیرا گلائیڈنگ ، راک کلائمبنگ ایڈونچر ٹورازم کی کلیدی سرگرمیاں ہیں جنہیں فروغ دیا جا سکتا ہے لیکن انہوں نے آپریٹرز کو خبر دار کیا کہ وہ اعلیٰ معیار کی حفاظت اور معیاری سامان کو یقینی بنائیں تا کہ ایڈونچر ٹورازم محفوظ اور آرام دہ بنے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈونچر ٹورازم جے اینڈ کے میں ٹورازم کے نئے راستے کھولتا ہے اور امید ظاہر کی کہ اے ٹی او اے آئی کے ساتھ شراکت داری اس سیکٹر کی ترقی میں مدد دے گی ۔ افتتاحی تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کیلئے ایڈونچر ٹورازم روڈ میپ اور ٹول کٹ کا اجراء کیا اور ایڈونچر ٹورازم کے شعبے میں خدمات انجام دینے والوں کو اے ٹی او اے آئی ایوارڈز پیش کئے ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ایس کے آئی سی سی میں ایڈونچر ٹورازم نمائش کا افتتاح کیا اور ملک بھر کے کی مختلف ریاستوں کی طرف سے قائم کئے گئے مختلف سٹالز کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے ہاٹ ائیر بیلون کی سواری میں بھی شرکت کی ، جو جموں و کشمیر میں متنوع ایڈونچر ٹورازم سرگرمیوں کو فروغ دینے کی علامتی طور پر پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے ۔ اس موقع پر اے ٹی اواے آئی کے صدر اجیت بجاج نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سے جمع کیا گیا پتھر کا ایک ٹکڑا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو خصوصی تحفے کے طور پر پیش کیا ۔










