snow

چلہ کلاں کی آمد کے ساتھ ہی خشک موسمی صورتحال ختم ہونے کی امید

کشمیر میں برفباری اور بارش کی پیش گوئی،20 تا 22 دسمبر شمالی کشمیر زیادہ متاثر ہوگا

سرینگر//وی او آئی//چلہ کلاں کی آمد کے ساتھ ہی وادِی کشمیر کو خشک طویل موسمی صورتحال سے نجات ملنے کی امید کاامکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں 20دسمبر سے 22دسمبر تک برفباری اور بارشوں کا امکان ہے جبکہ سخت سردی کی خشک لہر سے بھی کافی حد تک راحت مل سکتی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والی مغربی ہوا کے دباؤ کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران جموں و کشمیر میں معتدل سے شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے ۔حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر اس سلسلے میں زیادہ متاثر ہوگا جبکہ دیگر اضلاع میں بھی موسم کی شدت محسوس کی جائے گی ۔مزید تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی تاکہ عوام کو بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے ۔ ادھر کشمیر کے بیشتر علاقوں میں منگل کو درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا جبکہ زوجیلا پاس سب سے سرد مقام رہا جہاں منفی سترہ ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ۔وادی میں پامپور اور پلوامہ سب سے سرد آباد علاقے رہے جہاں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔اس کے بعد شوپیاں میں منفی تین اعشاریہ آٹھ اور اننت ناگ میں منفی تین اعشاریہ تین ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ۔سری نگر شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک اعشاریہ آٹھ رہا جبکہ ایئرپورٹ پر منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔دیگر مقامات میں قاضی گنڈ اور بانڈی پورہ منفی دو اعشاریہ دو بارہ مولہ منفی دو اعشاریہ نو بڈگام منفی دو اعشاریہ آٹھ اور پہلگام و اونتی پورہ منفی دو اعشاریہ چھ ڈگری سینٹی گریڈ پر رہے ۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔جموں خطے میں جموں شہر کا درجہ حرارت آٹھ اعشاریہ چار ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ بانہال میں ایک اعشاریہ سات اور راجوری میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ۔لداخ میں نیوما سب سے سرد مقام رہا جہاں منفی چودہ اعشاریہ تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔اس کے بعد پدم میں منفی نو اعشاریہ ایک اور دراس میں منفی آٹھ اعشاریہ دو ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ۔