فیس فکسیشن کمیٹی کی والدین کو اپیل

نجی اسکولوں کی زائد سالانہ فیس پر شکایات درج کرائیں

سرینگر//وی او آئی//نجی اسکولوں کی جانب سے مبینہ طور پر بھاری سالانہ فیس وصول کرنے کی شکایات میں اضافے کے درمیان فیس فکسیشن کمیٹی (ایف ایف سی) نے اتوار کو متاثرہ والدین سے کہا ہے کہ وہ باقاعدہ طریقہ کار کے تحت کمیٹی سے رجوع کریں تاکہ ان کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) سنیل ہالی نے بتایا کہ جو اسکول کمیٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے پائے جائیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایف سی نے والدین کے لیے اپنا سرکاری ای میل ایڈریس فراہم کیا ہے جہاں وہ تفصیلی شکایات اور متعلقہ دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔ شکایات موصول ہونے کے بعد کمیٹی معاملے کا جائزہ لے گی اور اگر شکایات درست ثابت ہوئیں تو فوری کارروائی کی جائے گی۔ جسٹس ہالی نے واضح کیا کہ نجی اسکول کمیٹی کے ضوابط کے پابند ہیں اور والدین پر من مانے یا غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے کے مجاز نہیں۔ چیئرمین نے والدین کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات قانون کے مطابق سختی سے نمٹائی جائیں گی اور خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ غیر رسمی ذرائع کے بجائے سرکاری طریقہ کار استعمال کریں تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔ وادی بھر میں نجی اسکولوں کی بھاری سالانہ فیس والدین کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور کئی والدین کا الزام ہے کہ اسکول رہنما اصولوں کو نظر انداز کر کے خاندانوں پر غیر ضروری مالی دباؤ ڈال رہے ہیں۔